سائفر کیس: چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی

راولپنڈی (مشرق نیوز) سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فردجرم عائد نہ ہوسکی۔ راولپنڈی اڈیالہ جیل میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت میں سائفر کیس کی سماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔

گزشتہ سماعت پر چالان کی نقول تقسیم نہ ہونے پر فردِ جرم کی کارروائی نہیں ہوسکی تاہم آج عدالت نے ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کر دیں اور سائفر کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے فرد جرم کی کارروائی اگلی سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے۔ سماعت کے دوران دونوں ملزمان اور ان کی لیگل ٹیم کمرہ عدالت میں موجود تھی۔

اس سے قبل اسپیل پراسیکیوٹر ایف آئی اے شاہ خاور نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج فردِ جرم عائد کرنے کیلئے سماعت مقرر ہے، گزشتہ سماعت پر ملزمان نے چالان کی نقول وصول کرنے سے انکار کیا تھا، عدالت کا حکم ہے آج فردجرم عائد ہوگی اب دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔ شاہ خاور کا کہنا تھا کہ فردِ جرم عائد ہونے کے بعد استغاثہ کی شہادتیں ریکارڈ اور مقدمے کا ٹرائل شروع ہوتا ہے، گواہان کی شہادتیں مکمل ہونے کے بعد ملزم کا بیان ہوتا ہے۔

آج سماعت سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی کے ترجمان عمیر نیازی نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج کی سماعت میں نقول ہی تقسیم ہونی چاہئیں، گزشتہ سماعت پر نقول تقسیم نہیں ہوئیں۔ عمیر نیازی کا کہنا تھا کہ پراسیکیوشن کی سیکشن 14 کی درخواست عدالت نے منظور نہیں کی، جیل میں سماعت اِن کیمرہ نہیں میڈیا کو رسائی ہونی چاہیے اس پر آج بات کریں گے۔