لاہور (مشرق نیوز) مسلم لیگ (ن) کے بڑوں کی لاہور میں اہم بیٹھک ہوئی ہے جس میں پارٹی ڈسپلن کو مزید سخت کر دیا گیا، پارٹی نے نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل اہم رہنما اصول وضع کئے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق تمام رہنماوں کو پارٹی میٹنگز میں ہر قسم کی تنقید اور اختلاف رائے کی مکمل آزادی ہو گی، پارٹی رہنما اجلاس کے اندر اٹھائے گئے اختلافی نکات کو باہر کسی بھی پلیٹ فارم پر بیان نہیں کریں گے۔
(ن) لیگی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پارٹی کی کسی بھی پالیسی پر تنقید ناقابل قبول تصور ہو گی، فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے والے رہنماو¿ں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ خلاف ورزی کرنے والے پارٹی رہنما کو پہلے مرحلے میں شوکاز نوٹس دیا جائے گا، شوکاز نوٹس کا جواب موصول ہونے پر انکوائری کمیٹی بنا کر مزید کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
پارٹی پالیسیوں پر کھلے عام تنقید کرنے والے رہنماو¿ں کو انتخابات میں ٹکٹ دینے سے انکار بھی کیا جا سکتا ہے، اس ضمن میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے تمام پارٹی رہنماو¿ں کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں چودھری نثار اور حالیہ دنوں میں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل پارٹی قیادت اور فیصلوں پر تنقید کر چکے ہیں، پارٹی میں ناراض رہنماو¿ں کا راستہ روکنے کیلئے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کا پارٹی ڈسپلن مزید سخت، پالیسی پر تنقید ناقابل قبول

















