ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے زیر تعمیر ساہیوال بائی پاس کی تکمیل کی ڈیڈ لائن دے دی، منصوبہ30نومبر تک مکمل کیا جائے، وزیر اعلیٰ پنجاب دسمبر کے پہلے ہفتے منصوبے کا افتتاح کریں گے، محکمہ ہائی وے کو ہدایت۔ منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں لہٰذا کام کی رفتار تیز کرکے اسے ڈیڈ لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ بائی پاس کی تکمیل سے ساہیوال شہر سے گزرنے والی ہیوی ٹریفک کو متبادل روٹ میسر آجائے گا۔انہوں نے زیر تعمیر ہائی سٹریٹ اور علامہ اقبال روڈ کی اسفالٹ کی حتمی تاریخ28اکتوبر کو ہر صورت پورا کرنے کی ہدایت کر دی، خلاف ورزی پر تمام متعلقہ افسران بشمول ٹھیکیدار کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔ یہ ڈیڈ لائن ٹھیکیدار کی مشاورت اور رضامندی سے مختص کی گئی تھی اس لئے کوتاہی برداشت نہیں کی جاسکتی۔ اسفالٹ ہونے تک دونوں سڑکوں پر پانی کا مسلسل چھڑکا بھی یقینی بنایا جائے۔ عوام کو گردوغبار اور دھول مٹی سے بچانے کیلئے کمشنر نے پسپ حکام کو ہدایت کی کہ دن میں 3 بار پانی کا چھڑکاکیا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں دی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، ڈویژنل فارسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد،میونسپل آفیسر غلام عباس، اے سی جنرل علیزہ ریحان اور پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان نے بھی شرکت کی۔ کمشنر نے چیچہ وطنی فاریسٹ پارک کی اپ گریڈیشن اور وہاں شہریوں بالخصوص بچوں کی تفریح کی مزید سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو تفریح کے مواقع کی فراہمی ایک اہم قومی خدمت ہے جس کے لئے درکار وسائل مختص کئے جائیں گے۔ سٹی منیجر اسجد خان نے کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کو یقین دھانی کروائی کہ مڈھالی روڈ پر جاری سیوریج پائپ لائن بچھانے کا کام جمعرات تک مکمل کر لیا جائے گا۔صرف 31پائپ ڈالنے باقی رہ گئے ہیں جو جمعرات تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ کمشنر شعیب اقبال سید کا مڈھالی روڈ پر سیوریج لائن کے کام کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڑک سے روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو پریشانی سے نجات ملے گی اور فضائی آلودگی کا بھی خاتمہ ہوگا۔انہوں نے سٹی منیجر کو سڑک کی مرمت کا کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس مےں بتاےا گےا کہ ہائی سیکورٹی جیل میں سیوریج کا دیرینہ مسئلہ حل کردےا گےا ہے اور سالوں سے بند سیوریج لائن کھول کر سیوریج واٹر کا فلو درست کر دیا گیا۔ کمشنر شعےب اقبال سےد نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ افسران اور عملے کو مبارک باددےتے ہوئے کہا کہ سیوریج لائن کی مرمت سے فرید ٹان کے بلاک سی، ای اور ایف کے باسیوں کو بھی بڑا ریلیف ملے گا جہاں روزانہ سیوریج کے پانی کے آوٹ فلو کی شکایات آرہی تھیں جس سے ان علاقوں کی سڑکیں گندے پانی میں ڈوبی رہتیں اور عوام تعفن زدہ ماحول میں رہنے پر مجبور تھے۔کمشنر ساہیوال ڈویژن /ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن شعیب اقبال سید نے کارپوریشن کی مختلف برانچز میں بیکار بیٹھے ملازمین کا نوٹس لےتے ہوئے مےونسپل آفےسر کو ہداےت کی کہ کسی کام کے بغیر متعین ملازمین کی لسٹیں تیار کی جائیں اور انہیں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کیلئے استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے میں ملازمین کی کمی کا بہانہ قابل قبول نہیں۔ مختلف برانچوں میں موجود غیر فعال ملازمین کو استعمال میں لایا جانا چاہیے اور اس سلسلے میں کسی سفارش کو بھی خاطر میں نہ لایا جائے۔
کمشنر ساہیوال ڈویژن نے زیر تعمیر بائی پاس کی تکمیل کی ڈیڈ لائن دیدی

















