خواتین کو بااختیار بنائے بغیر صحتمند معاشرے کا قیام ناممکن ہے: احسن اقبال

نارووال (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ صحتمند اور ترقی یافتہ معاشرے کا قیام خواتین کو باصلاحیت اور بااختیار بنائے بغیر ممکن نہیں، اسلامی تعلیمات اور سیرت نبوی میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے رہنما اصول بتا دیئے گئے ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر ہی ایک حقیقی فلاحی معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتاہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے یونیورسٹی آف نارووال،یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نارووال کیمپس،ہائرایجوکیشن کمیشن اور پلاننگ کمیشن کے اشتراک سے یو ای ٹی نارووال کیمپس کے آپا نثار فاطمہ آڈیٹوریم میں خواتین کو ہراساں کرنے اور صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف لڑنے کیلئے نارووال کی خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حقوق نسواں کے تحفظ کی قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کے عہدیداران سمیت معروف ماہر قانون بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔ احسن اقبال نے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد ہتھیار ہے جس کے ذریعے ہم اپنی خواتین کو با اختیار بنا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حکومت میں آنے کے بعد نارروال کی بچیوں کو تعلیم کے زیورسے اراستہ کرنے کیلئے متعدد اقدامات اٹھاے جن میں پہلے مرحلے میں سکولز اس کے بعد کالجز اور پھر تین یونیورسٹیز بناکرنارووال کی طلبہ طالبات کو جدیدتعلیم حاصل کرنے کے اعلیٰ مواقع فراہم ہوئے ہیں۔جس کی بدولت طلبہ طالبات استفادہ حاصل کرکے ملکی ترقی وخوشحالی میں اہم کردار اداکریں گے کیونکہ اعلیٰ تعلیم کے بغیرانسان ادھورا ہے اورنہ ہی دنیا کودرپیش چیلنجزکامقابلہ نہیں کیاجاسکتا۔