غزہ کے21ہسپتالوں کو خالی کرنے کے اسرائیلی احکامات موصول
مقبوضہ غزہ (مشرق نیوز) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ غزہ کے 21 ہسپتالوں کو خالی کرنے کے اسرائیلی احکامات موصول ہوئے ہیں۔ ہسپتالوں کو خالی کرنے کے احکامات بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ اس نے لبنان کو ضروری طبی سامان کی فراہمی میں تیزی لائی ہے تاکہ وہ صحت کے کسی بھی ممکنہ بحران کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہے۔تنظیم نے بتایا کہ طبی سامان کی دو کھیپ لبنانی دارالحکومت بیروت پہنچیں۔ یہ طبی سامان دبئی میں اس کے مرکز سے آرہی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان میں 800 سے 1000 کے درمیان زخمیوں کیلئے طبی سامان ،ادویات اور سرجری کا سامان شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر جھڑپیں بڑھیں تو زیادہ شہریوں کو خطرہ لاحق ہوجائیگا۔ ملک کا صحت کا نظام معاشی بحران اور اگست 2020 میں بیروت بندرگاہ کے دھماکے سے متاثر ہوا ہے۔عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ ہم لبنان کی وزارت صحت اور لبنان میں شراکت داروں کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں تاکہ تشدد میں اضافے کی وجہ سے ہلاکتوں میں ممکنہ اضافے کا جواب دینے کیلئے تیاریوں کو بڑھایا جا سکے۔جنوبی لبنان میں کام کرنے والی اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یونیفل)نے اعلان کیا کہ ناقورہ میں اس کے ہیڈکوارٹر کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ وہ حملے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔


















