بجلی چوری کے خلاف مہم کے اچھے نتائج آنے لگے: سیکرٹری پاور ڈویژن

اسلام آباد (مشرق نیوز) سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف مہم کے اچھے نتائج آنے لگے ہیں۔ ایک بیان میں سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے کہا ہے کہ بلنگ بہتر ہو گئی، وصولیوں میں اضافہ اور چوری میں کمی ہوئی۔

راشد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ ستمبر 2023 میں وصولیاں 86.99 فیصد رہیں جبکہ ستمبر 2022 میں وصولیاں 82.43 فیصد تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ستمبر 2023 میں بجلی چوری 1.46 فیصد رہی اور ستمبر 2022 میں بجلی چوری 2.93 فیصد تھی۔

سیکرٹری پاور کا یہ بھی کہنا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف حالیہ کارروائیوں میں 26 ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں۔