وزیرآباد (مہر عاطف یاسین ) علی پور چٹھہ میونسپل کمیٹی کی دکانوں پر ناجائز قابضین کا معاملہ طول پکڑ گیا۔دوکانیں سیل ہوئے 6 دن گزر گئے۔مگر تاحال کوئی نیا ایگریمنٹ نہ ہو سکا۔ قابضین نے ہائیکورٹ میں رٹ دائر کر دی۔
میونسپل کمیٹی علی پور چٹھہ کے چیف آفیسر چوہدری اسرار احمد چٹھہ نے 6 دن قبل کمیٹی کی ملکیتی 39 دکانیں سیل کر دیں۔ معلوم کرنے پر تفصیل کا علم ہوا کہ یہ دکانیں سالانہ ایگریمنٹ پر لوگوں نے کرایہ پر لے رکھی تھیں 2019 میں ایگریمنٹ ختم ہوگیا اس وقت سے لے کر دکان دار نیا ایگریمنٹ کرنے کی بجائے لیت لعل سے کام لے رہے ہیں اور نیا ایگریمنٹ نہیں کر رہے۔ بلکہ شہر کے مرکز میں واقع ان دوکانوں کا کرایہ بھی نہ ہونے کے مترادف ہے حیدری چوک میں ان دوکانوں کے علاوہ پرائیویٹ مالکان کی دوکانوں کا کرایہ ایک لاکھ سے زائد ہے۔ جبکہ کرایہ داروں نے پانچ سے دس لاکھ ایڈوانس بھی دیا ہوا ہے جبکہ ان کا کرایہ صرف پانچ سے دس ہزار روپے ہے۔ جسے بڑھانے کیلئے کمیٹی نے کئی بار انہیں نوٹس بھی جاری کیے ہیں مگر قابضین نے خالی کرنے اور کرایہ بڑھانے کی بابت کچھ پیش رفت نہیں کی۔
گزشتہ دنوں سیکرٹری بلدیات نے سخت نوٹس لیتے ہوئے سی او کو دوکانیں خالی کروانے یا سیل کر کے لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیا تو سی او نے دوکانیں سیل کر دی اور نئے ایگریمنٹ تک بند رکھنے کا حکم صادر کر دیا سی او کا موقف ہے کہ اگر دیانتداری سے کرایہ بڑھا دیا جائے تو کمیٹی کو سالانہ کروڑوں کا فائدہ حاصل ہوگا اور یہ جمع ہونے والا اضافی کرایہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا جس سے عوام الناس کے کئی مسائل حل ہوجائیں گے۔
علی پور چٹھہ میونسپل کمیٹی کی دکانوں پر ناجائز قابضین کا معاملہ طول پکڑ گیا

















