اسلام آباد (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس پر سماعت منگل تک ملتوی کردی۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے پارلیمنٹ نے اچھی نیت سے قانون سازی کی اگر کوئی مریض مر رہا ہو تو کیا میڈیکل کی سمجھ رکھنے والا صرف اس لیے مریض کو مرنے دے وہ ڈاکٹر نہیں ؟ پارلیمنٹ کو کہتے ہیں نمبر گیم پوری ہونی چاہیے لیکن ایک شخص آتا ہے اور پارلیمنٹ کو ربرسٹیمپ بنا دیتا ہے، آئین و قانون چیف جسٹس کی خواہشات کے تابع نہیں اگر ایسا ہوا تو آئین کی بالادستی و قانون کی حکمرانی کےلئے تباہ کن ہوگا، ماسٹرز نہیں بلکہ آئین و عوام کے نوکر ہیں، چیف جسٹس کو آئین و قانون سے آگے نہیں بڑھنا چاہیے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے تشکیل کردہ فل کورٹ بنچ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 کےخلاف دائر 9 درخواستوں پر سماعت کی جسے براہ راست نشر کیا گیا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے پارلیمنٹ نے اچھی نیت سے قانون سازی کی، مریض مر رہا ہو اور کوئی میڈیکل کی سمجھ رکھتا ہو تو وہ اس لیے شخص کو مرنے دے وہ ڈاکٹر نہیں،صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے دلائل کا آغاز کیا تو جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے پارلیمنٹ رولز بنا سکتی نہ ہی رولز بنانے کیلئے قانون سازی کر سکتی ہے، رولز میں ردوبدل کرنے کا اختیار صرف سپریم کورٹ کے پاس ہے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے آئین کہتا ہے سپریم کورٹ اپنے پریکٹس اینڈ پروسیجر رولزبنانے کیلئے با اختیار ہے اگر سپریم کورٹ آئین سے بالا رولز بنائے تو کوئی تو یاد دلائے گا آئین کے دائرے میں رہیں، ایک شخص آتا اور پارلیمنٹ کو ربڑ سٹیمپ بنا دیتا ہے۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے آئین و قانون کے مطابق رولز بنانے کیلئے پابند کرنے کا مطلب موجودہ قانون کے مطابق رولز بنیں گے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ادارے میں کیسز کا بوجھ بڑھ رہا ہے، کیس کو ختم کرنا ہے، اپنے دلائل کو 11 بجے تک ختم کریں، ہم میں سے جس کو رائے دینی ہے فیصلے میں لکھ دیں گے،چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ نے تحریری دلائل جمع کرائے تھے، وکیل عابد زبیری نے کہا ابھی اپنا تحریری جواب جمع کرایا ہے، تحریری جواب جمع کرانے پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کیا ۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے عدالت نے پہلے سے تحریری دلائل جمع کرانے کا حکم دیا تھا، اتنے سارے کاغذ ابھی پکڑا دیئے، کون سے ملک میں ایسے ہوتا ہے کیس کی سماعت میں تحریری جواب جمع کراو، ہر بات میں امریکی و دوسری عدالتوں کا حوالہ دیتے ہیں یہاں بھی بتائیں،وکیل عابد زبیری نے کہا نیوجرسی کی عدالت کے فیصلے کا حوالہ دینا چاہتا ہوں،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کم از کم امریکی سپریم کورٹ کے فیصلے کا تو حوالہ دیں، ہمارا لیول اتنا نہ گرائیں نیو جرسی کی عدالت کے فیصلے کو مثال کے طور پر پیش کر رہے ہیں یہ تو فیصلہ بھی نہیں ،جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے سوال ہے سپریم کورٹ رولز بنانے کا اختیار کہاں اور کس کو دیا گیا ، آئین کے مطابق رولز بنانے کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس ہے، سپریم کورٹ کے رولز بنانے کا اختیار آئین کے مطابق ہے۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے ہر چیز آئین کے ہی مطابق ہوسکتی ہے سب کو معلوم ہے، وکیل عابد زبیری نے کہارولز بنانے کے اختیار پر آئینی شق کو تنہا نہیں پڑھا جاسکتا،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے فل کورٹ مقدمہ سن رہا ہے تاکہ وکلا سے کچھ سمجھ اور سیکھ سکیں، آئینی شقوں پر دلائل دیں،جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے آئینی شقوں کو ملا کر پڑھنا ہوتا ہے، کچھ آرٹیکل اختیارات اور کچھ حدود واضح کرتے ہیں، وکیل عابد زبیری نے کہا یہ تو معزز سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے معزز سپریم کورٹ نہیں ہوتی، معزز ججز ہوتے ہیں، اصطلاحات ٹھیک استعمال کریں،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے آئین و قانون سازوں کی نیت دیکھ رہے ہیں اگر آئین سازوں کی نیت دیکھنی ہے تو آرٹیکل 175 دیکھیں، آئین سازوں نے اختیار سپریم کورٹ کو دینا ہوتا تو واضح لکھ دیتے اگر کوئی بھی ضابطہ قانون یا آئین سے متصادم ہوگا تو خود ہی کالعدم ہو جائے گا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے سوال واضح کر دیتا ہوں، جوڈیشل کمیشن ،سپریم جوڈیشل کونسل کے رولز پر آئین میں لکھا ہے آئینی باڈیز خود قانون بنائیں گی، سوال ہے آئین سازوں نے خود آئین کےساتھ قانون کا آپشن دیا،چیف جسٹس نے عابد زبیری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ایک چیف جسٹس نے غلطی کی تو پارلیمنٹ کو نہیں کرنی چاہئے، کوئی غلطی ہوئی تو ازالے کی سب سے بڑی ذمہ داری عدالت کی ہے، پاکستان میں 184 تین کا اطلاق کیسے ہوتا ہے؟ آپ کی رائے سننا چاہتے ہیں،جسٹس مظاہر نقوی نے ریمارکس دیئے سپریم کورٹ کے رولز پر پارلیمنٹ نے پابندی لگائی لیکن ہائیکورٹ و شرعی عدالت کے ضابطوں پر پابندی کیوں نہیں۔
جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے ہائیکورٹس اپنے پریکٹس اینڈ پروسیجر بنانے کیلئے بااختیار ہے،وکیل عابد زبیری نے جواب دیا اگر سپریم کورٹ اپنے رولز خود بنالے تو کوئی اعتراض نہیں اٹھا سکتا، آئین کہتا ہے سپریم جوڈیشل کونسل اپنے قوانین خود بنائے گی،چیف جسٹس نے استفسار کیا پاکستان میں 184 تھری کا استعمال کیسے ہوا، کیا ہیومن رائٹس سیل کاآئین یا سپریم کورٹ رولز میں تذکرہ ہے، آرٹیکل 184 تھری سے متعلق ماضی کیا رہا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے یا تو کہہ دیتے 184 تھری میں ہیومن رائٹس سیل بن سکتا تھا اس بات پر تو آپ آنکھیں بند کر کے بیٹھ گئے اس سے پہلے دنیا انگلی اٹھائے میں خود اپنے اوپر انگلی اٹھا رہا ہوں، ایک چیف جسٹس نے غلطی کی تو پارلیمنٹ درست کر سکتی ہے یا نہیں؟ نیو جرسی نہ جائیں، پاکستان کی ہی مثال دے دیں،چیف جسٹس نے وکیل عابد زبیری سے سوال کیا آپ پی ٹی آئی کی نمائندگی نہیں کر رہے؟ وکیل عابد زبیری نے جواب دیا نہیں میں سپریم کورٹ بار کی نمائندگی کر رہا ہوں، آپ کی رائے سن چکا ہوں، ابھی آرٹیکل 184 تھری پر آ رہا تھا، میں آپ سے متفق ہوں آرٹیکل 184 تھری کاغلط استعمال ہوتا رہا،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا ایکٹ سے کون سے بنیادی حقوق متاثر ہوئے بتا دیں، وکیل عابد زبیری نے جواب دیا سپریم کورٹ میں اپیل کا حق صرف آرٹیکل 185 کے تحت ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اس مقدمے کو بھی آرٹیکل 184 تھری کے تحت سن رہے ہیں، آپ کے مطابق دائرہ اختیار پارلیمنٹ بڑھا سکتا ہے نہ سپریم کورٹ، پھر کیس کیوں سن رہے ہیں، سپریم کورٹ آرٹیکل 184 تھری کا دائرہ بڑھائے تو ٹھیک، پارلیمنٹ بڑھائے توغلط ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا اگر انکم ٹیکس آرڈیننس یا فیملی رائٹس میں ترمیم ہو تو کیا براہ راست سپریم کورٹ میں درخواست آ سکتی ہے؟ وکیل عابد زبیری نے کہا جی بالکل آ سکتی ہے،چیف جسٹس نے کہا آپ کا جواب نوٹ کر رہا ہوں بنیادی حقوق کے علاوہ بھی قانون سازی براہ راست سپریم کورٹ میں چیلنج ہو سکتی ہے،وکیل عابد زبیری نے کہا سپریم کورٹ میں اپیل کا حق صرف آرٹیکل 185 کے تحت ہے، آئین کے اصل دائرہ اختیار 184 تھری میں اپیل کا حق نہیں دیا گیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے جوابی دلیل میں دے سکتا ہوں آرٹیکل 184 تھری کا استعمال کیسے ہوا، کسی سیاسی جماعت پر پابندی عائد ہو جائے تو کیا اپیل نہیں ہونی چاہیے، پارلیمنٹ نے اچھی نیت سے قانون سازی کی،جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے اگر پارلیمنٹ کیلئے دروازہ کھول دیتے ہیں تو سپریم کورٹ کے ہر معاملے میں مداخلت کرے گی، ایک بار دروازہ کھل گیا تو کوئی سرا نہیں ہوگا، قانون سازی اچھی یا بری بھی ہو سکتی ہے، نہیں ہو سکتا قانون سازی درست ہے تو ٹھیک ہے ورنہ کالعدم قرار دےدیں، آئین اس طرح سے نہیں چل سکتا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ماضی کو دیکھیں، ایک شخص آتا ہے اور پارلیمنٹ کو ربڑ سٹیمپ کر دیتا ہے، امریکہ میں یہ سب نہیں ہوتا، ماضی بہت بوسیدہ ہے، سپریم کورٹ بار خود تو درخواست لےکر نہیں آئی،وکیل عابد زبیری نے کہا سپریم کورٹ بار نے جو درخواستیں کیں وہ تو مقرر نہیں ہو رہیں، چیف جسٹس نے کہا اگر آپ اس کیس کو ختم کریں تو باقی مقرر ہوں۔
جسٹس مسرت ہلالی نے اپنے ریمارکس میں کہا ایکٹ میں آئین کی کون سے شق کا حوالہ دیا گیا ؟ ایسے تو سادہ اکثریت سے قانون سازی کا دروازہ کھولا جا رہا ہے، جسٹس منیب اختر نے کہا آئین میں سادہ اکثریت سے بالواسطہ ترمیم کر کے دروازہ کھولا جا رہا ہے،جسٹس جمال مندو خیل نے کہا آرٹیکل 184 تھری کے اختیار کو آئین میں رہ کر استعمال کیا گیا ہوتا تو ایسی قانون سازی نہ ہوتی، آپ مدعی ہیں نہ مدعا علیہ تو پھر ایکٹ کی مخالفت کیوں کر رہے ہیں؟۔
جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا آرٹیکل 184 تھری میں اپیل سے اصل دائرہ اختیار کے کیس کی دوبارہ سماعت کا حق کیسے دےدیا گیا؟،چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا پارلیمنٹ کو تو کہتے ہیں نمبر گیم پوری ہونی چاہیے لیکن فرد واحد آ کر آئینی ترمیم کرے تو ٹھیک ہے، پارلیمنٹ کچھ اچھا کرنا چاہتی ہے توکچلنا کیوں چاہتے ہیں؟،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا سپریم کورٹ کا دائرہ اختیار بڑھانے پردلائل دیں،چیف جسٹس نے کہا ہم بھی مانتے ہیں صوبائی اسمبلیوں کو ایسی قانون سازی کا اختیار نہیں بس اب دلائل ختم کریں، تاثر مت دیں آپ کیس ختم کرنا نہیں چاہتے،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اگر کسی نے 188 کے تحت نظرثانی ایک بار دائر کر دی تو اپیل نہیں کر سکتا، ایکٹ کے تحت نظر ثانی کےخلاف تو اپیل کا حق نہیں دیا گیا۔
چیف جسٹس نے عابد زبیری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا بوجھ سپریم کورٹ پر پڑے گا تو گھبراہٹ آپ کو کیوں ہو رہی ہے؟ آپ کے دلائل مکمل ہوگئے، اب اگلے فریق کو 20 منٹ سنیں گے،عدالت نے پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کی سماعت میں وقفہ کیا،وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو درخواست گزارعمر صادق کے وکیل عدنان خان نے دلائل کا آغاز کیا،وکیل عدنان خان نے موقف پیش کیا پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ کے رولز بنانے کا اختیار حاصل نہیں، آئین سازوں نے پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ کے رولز میں ردوبدل کا اختیار نہیں دیا، چیف جسٹس کے آفس کو پارلیمنٹ نے بے کار کر دیا، سپریم کورٹ 2 بنیادوں پر کھڑی ہے، ایک چیف جسٹس اور دوسرا باقی ججز۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ایسے تو فل کورٹ بلانے کی کیا ضرورت ہے صرف چیف جسٹس کیس سن لیتا،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے چیف جسٹس کو جہاں اختیارات دیئے گئے وہ آئین میں درج ہیں، چیف جسٹس کو سپریم کورٹ کے سوا کہاں تنہا اختیارات دیئے گئے،وکیل عدنان خان نے کہاآئین کہتا ہے چیف جسٹس خود بغیر مشاورت بنچز بنا سکتا ہے اگر 2ججز کہتے ہیں اگلے ہفتے سے بنچ نہیں بنانے صرف چیمبر ورک کرنا ہے تو چیف جسٹس کے اختیارات بے کار ہوں گے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا ابھی قانون سے آپ کا کون سا بنیادی حق متاثر ہوا ہے؟ آپ اپنے کون سے بنیادی حق کا دفاع کر رہے ہیں؟،وکیل عدنان خان نے موقف پیش کیا پارلیمنٹ کو قانون سازی کا کوئی اختیار نہیں، قانون سازی سے تمام بنیادی حق متاثر ہوتے ہیں، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ سے انصاف تک رسائی کے آرٹیکل 4 کی خلاف ورزی ہوئی، ایکٹ میں فوری مقرر ہونےوالے مقدمات کا طریقہ کار دے کر سپریم کورٹ کی تضحیک کی گئی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہم پہلے بھی کیس مقرر کرنے کیلئے اپنا دماغ استعمال کرتے تھے، میں نے کیس مینجمنٹ کمیٹی کو کیسز کے تقرر کا اختیار دیا، کیا میں نے کیس مینجمنٹ کمیٹی بنا کر آئینی خلاف ورزی کی؟،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا پشاور ہائیکورٹ کے حراستی مراکز سے متعلق فیصلے کےخلاف اپیل 4 سال سے سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے، اہم کیسز کے مقرر نہ ہونے پر قانون سازی کیوں نہیں ہو سکتی؟،چیف جسٹس نے کہا اگر میں حراستی مراکز کا کیس مقرر نہیں کرتا تو آپ کے پاس کیا حل ہو گا؟،وکیل عدنان خان نے مشاورت اچھی چیز ہے، چیف جسٹس اپنے ساتھیوں میں سے کسی سے بھی مشاورت کر سکتے ہیں، قانون میں کہیں مشاورت کا درج نہیں ،چیف جسٹس نے استفسار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کیا کوئی ایسا قانون یا شرعی قانون ہے اپیل کا کوئی حق نہیں ، قانون یا شریعت کی رو میں کہاں درج ہے قاضی کا فیصلہ آخری ہوگا؟ کوئی حوالہ دے دیجئے۔
وکیل عدنان خان نے جواب دیا ریفرنس جمع کرا دوں گا،وکیل شاہد رانا نے دلائل شروع کرتے ہی سوال اٹھایا اگر 15 ججز فیصلہ کریں گے تو اپیل کس کے پاس جائے گی،چیف جسٹس نے جواب دیا 15 ججزفیصلہ کریں گے تو نہیں ہوگی اپیل،وکیل شاہد رانا نے کہاسپریم کورٹ میں اپیلیں آرٹیکل 185 کے تحت ہوتی ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ کو اس بات کا جواب فیصلے میں دے دیں گے، معاملہ پہلے کبھی کیوں نہیں اٹھایا گیا، کیا پتہ سپریم کورٹ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہو،سپریم کورٹ اپنے اختیارات سے تجاوز کرے تو قانون سازی سے درست نہیں کیا جا سکتا، یہاں بار کے انتخابات جتنا مشکل ہے وہاں دو تہائی اکثریت کیلئے نمبر ون کرنا کتنا مشکل ہوتا ہے، سپریم کورٹ کے آرٹیکل 184 تین کے دائرہ کار میں کیا تمام فیصلے درست ہیں؟۔
وکیل شاہد رانا نے کہا سپریم کورٹ کو آرٹیکل 184 تین کے تحت مفاد عامہ کے کیس سننے چاہئیں مفاد خاص کے نہیں،چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو روسٹرم پربلایا تو وکیل درخواست گزار امتیاز صدیقی نے دلائل کیلئے وقت نہ دینے پر اعتراض اٹھایا جس پر چیف جسٹس اور وکیل امتیاز صدیقی کے درمیان تلخی بھی ہوئی، وکیل درخواست گزار امتیاز صدیقی نے کہا آپ نے کہا تھاپہلے ہمیں سنیں گے پھر اٹارنی جنرل کو سنیں گے، ہمیں نہ سننا ناانصافی ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہاں لکھا ہے حکمنامے میں آپ کو ابھی سننا ہے؟ امتیاز صدیقی نے کہا آپ ہمارے ساتھ اپنا سلوک دیکھیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کوئی بات کرنے کی تمیز بھی ہوتی ہے، پچھلی سماعت کا تمام ججز کے دستخط کےساتھ حکمنامہ جاری ہوا، حکمنامے میں درج ہے امتیاز صدیقی کے دلائل مکمل ہو چکے اور وہ مزید دلائل دینا نہیں چاہتے،وکیل امتیاز صدیقی نے جواب دیا میرے ساتھی آپ کے روئیے کی وجہ سے عدالت نہیں آئے، خواجہ طارق رحیم نے آپ کو پیغام پہنچانے کا کہا ہے۔
چیف جسٹس نے وکیل امتیاز صدیقی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ اپنی نشست پر بیٹھ جائیے ورنہ میں کچھ ایشو کروں، وکیل امتیاز صدیقی واپس نشست پر براجمان ہوگئے،اٹارنی جنرل نے عدالت سے کہا مجھ سے پہلے ق لیگ کے وکیل دلائل دینا چاہتے ہیں جس کے بعد وکیل زاہد فخرالدین ابراہیم نے دلائل شروع کئے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے میرا قلم ہوا میں رہ جاتا ہے آپ پہلے اپنا پوائنٹ پورا کر دیں،جسٹس یحییٰ آفریدی نے وکیل سے کہا آپ فل کورٹ کو اپنی رائے بتا دیں،وکیل زاہد ابراہیم نے کہا کیس خود تسلیم کر رہا ہے پارلیمنٹ قانون سازی کرسکتی ہے،جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کیسے ممکن ہے پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ کے رولز پر قانون سازی کا اختیار دےدیا گیا ہو؟ آرٹیکل 188 اور آرٹیکل 191 میں فرق ہے،وکیل زاہد ابراہیم نے کہا سپریم کورٹ نے 2010 کے فیصلے میں اپنے رولز کو اعلیٰ درجے پر قرار دیا، کیا سپریم کورٹ نے اپنے رولز کو قانون سے بالا قرار دیا تھا؟۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اگر میں آپ سے سوال ایسا پوچھوں جو میں نے فیصلہ کرنا ہے تو سوال کا کیا فائدہ؟وکیل زاہد ابراہیم نے کہا سپریم کورٹ رولز پر لکیر کھینچی گئی ہے یہ اعلیٰ درجے کے قواعد و ضوابط ہیں، میں اپیل کے حق پردلائل دینا چاہتا ہوں،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا زاہد صاحب، آپ تمام سوالات جمع کر لیں، آدھے گھنٹے کی لنچ بریک کر رہے ہیں،وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو جسٹس یحییٰ آفریدی نے وکیل زاہد ابراہیم سے کہا آپ آرٹیکل 191 سے اینٹری 55 کا تعلق سمجھا دیں،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے ایکٹ کے ذریعے آئین میں بلاواسطہ ترمیم کی گئی، کیا آئین پارلیمنٹ کو ایسی قانون سازی کی اجازت دیتا ہے، آرٹیکل 191 کے تحت قانون سازی کا اختیار بہت وسیع ہونا چاہئے، آپ 1956 کا آئین پڑھیں،چیف جسٹس نے وکیل زاہد ابراہیم سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ضروری نہیں آپ دلائل سے متفق ہوں۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے بنچ میں بیٹھے جج کو حق حاصل ہے وہ سوال کرے،جسٹس اعجازالاحسن نے سوال اٹھایاپارلیمنٹ کو موجودہ قانون کا دائرہ بڑھانے کا اختیار ہے، اپیل کا حق دےکر قانون کا دائرہ بڑھایا کیسے گیا، قانون سازی کے ذریعے سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار میں کچھ شامل کیسے کیا جا سکتا ہے؟،جسٹس علی مظہر نے سوال کیا کیا دائرہ اختیار بڑھانے کو آرٹیکل 175 شق 4 کے ساتھ ملا کر پڑھا جا سکتا ہے یا نہیں؟،جسٹس منیب اختر نے وکیل زاہد ابراہیم سے کہا بار بار آپ کہہ رہے ہیں سپریم کورٹ کے پاس شروع سے رولز سے متعلق قانون سازی کا اختیار تھا،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا اپیل تو ایک ضابطے کا معاملہ ہے یا کسی کا بنیادی حق ہے؟ وکیل زاہد ابراہیم نے کہا اپیل بنیادی حق ہے ، اسلام بھی پابند کرتا ہے اپیل کا حق ملنا چاہیے،چیف جسٹس نے کہا آپ کوئی دلائل تو دیں جن کو درج کر لیں،جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے سپریم کورٹ کے پہلے سے موجود اختیار کو بڑھایا گیا ، ماضی میں کئی بار وکلا نے کہا سپریم کورٹ نے اپنے آرٹیکل 184 تھری کے اختیار کا غلط استعمال کیا،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا آئین کے مطابق پارلیمان سپریم کورٹ ہے اختیارات بڑھا سکتی ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیاکیا بڑھانے کے لفظ کو پابندی کیلئے استعمال کریں گے؟،جسٹس علی مظہر نے کہا اختیارات بڑھانے کو آرٹیکل 175(2) کےساتھ ملا کر پڑھیں گے یا نہیں،جسٹس منیب اختر نے وکیل زاہد ابراہیم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا جب مرضی ہوگی قانون بنائیں گے کیا یہ آپ کی دلیل ہے، چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا زاہد صاحب برائے مہربانی اپنے دلائل تو بتائیں پہلے،وکیل زاہد ابراہیم نے کہا درخواست گزاروں سے سوال کیا گیا کونسا بنیادی حق ایکٹ سے متاثر ہوا ،جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کوشش کی گئی سپریم کورٹ کے کام کے طریقہ کار کو ریگولیٹ کیا جائے، عدلیہ کی مائیکرو مینجمنٹ مداخلت نہیں تو پھر کیا مداخلت ہوگی،جسٹس منیب اختر نے وکیل سے استفسار کیا قانون کے بعد ماسٹر آف روسٹر کون ہے، زاہد ابراہیم نے جواب دیا کمیٹی فیصلہ کرے گی، جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کمیٹی پارلیمان ماسٹر آف روسٹر ہوگی،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے مقدمات مقرر کرنا چیف جسٹس کے رجسٹرار کا اختیار ہے، ماسٹر آف روسٹر کا لفظ کس قانون میں ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے دنیا میں اب کہیں بھی ماسٹرز نہیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے جو قانون و آئین ہے وہ چیف جسٹس کی خواہشات پر نہیں یہ عدلیہ کیا آزادی اور قانون کے منافی ہے، میں ماسٹر نہیں آئین کے ماتحت ہوں،ق لیگ کے وکیل زاہد ابراہیم کے دلائل مکمل ہونے پر مسلم لیگ ن کے وکیل صلاح الدین نے اپنے دلائل کا آغاز کیا،وکیل صلاح الدین نے موقف پیش کیا سپریم کورٹ کے ججز کے حوالے سے بہت آرا آئیں، جسٹس مظاہر علی اکبر نے ریمارکس دیئے آپ اپنے دلائل شخصیت کو مدنظر رکھ کر دے رہے ہیں،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے جو آرا دی گئیں وہ ان کی آرا ہوں گی، کسی کا ایک موقف ہوتاہے دوسرے کا دوسرا موقف، بہتر ہوگا پارلیمان کے اختیار پر دلائل دیں۔
چیف جسٹس نے وکیل صلاح الدین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا میں آپ کو سننا چاہتا ہوں اپنے دلائل دیں،چیف جسٹس نے کہا باقی وکلا کو منگل کو دن ساڑھے 11 بجے سنا جائے گا، ہائیکورٹ فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل کا حق موجود ہے اس کے باوجود ہائیکورٹ کے اندر ہی انٹراکورٹ اپیل کا حق بھی دیا گیا،بعدازاں سپریم کورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس پرسماعت صبح11:30تک ملتوی کردی۔
پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس،آئین اور قانون چیف جسٹس کی خواہشات کے تابع نہیں؟ قاضی فائز عیسیٰ



















