پولیس کیا ملزم کے سامنے ہاتھ جوڑ کر پہلے عدالتی اجازت لے پھر گرفتار کرے،سپریم کورٹ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ کے جج جسٹس سردار طارق مسعود نے پرویز الٰہی کو کسی بھی کیس میں گرفتار نہ کرنے کے آرڈر پرریمارکس دئیے ہائیکورٹ کے جج صاحب نے تو بلینکڈ ضمانت دیدی۔

عدالت عظمیٰ میںپرویز الٰہی کی حراست کےخلاف کیس پرجسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی،پرویز الٰہی کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا جھوٹے مقدمے بنا کر میرے موکل کو گرفتار کیا گیا، شاید ملک میں اب آئین نام کی کوئی چیز نہیں، غنڈوں نے آ کر پرویز الٰہی کو بوری کی طرح گاڑی میں ڈالا، ایک کیس میں ضمانت ہوتی ہے تو دوسرے میں پکڑ لیتے ہیں، لاہور ہائی کورٹ کے حکم کی توہین کی گئی، عدالت نے واضح کہا تھا کسی بھی نامعلوم کیس میں گرفتار نہ کیا جائے۔

جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا ملزم کو کسی کیس میں گرفتار نہ کیا جائے کس قانون میں لکھا ہے، اسلام آباد میں عدالت نے اس قسم کا آرڈر جاری کیا، کیا عدالتیں ملزم کو جرم کرنے کا لائسنس دے رہی ہیں، فیصلہ دیا جاتا اب ملزم کی گرفتاری عدالت کی اجازت سے ہوگی،ایک شخص کو گرفتار کرنے سے روک دیا جائے اور وہ باہر جا کر 2 قتل کردے تو کون ذمے دار ہو گا، ججز نے بھی قانون کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے، پولیس کیا ملزم کے سامنے ہاتھ جوڑ کر پہلے عدالتی اجازت لے پھر گرفتار کرے، ہائی کورٹ کے جج صاحب نے تو بلینکڈ ضمانت دیدی،جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا سمجھ نہیں آرہی ہائیکورٹس کیسے ضمانتیں دئیے جا رہی ہیں، ابھی مقدمات کا اندراج نہیں ہوتا اور ہائیکورٹ گرفتاری سے روک دیتی ہے یہ اصول تو پھر پورے ملک کیلئے ہونا چاہیے مخصوص لوگوں کیلئے نہیں۔

وکیل لطیف کھوسہ نے کہایہ بھی مذاق ہے ضمانت کے بعددوسرے کیس میں پھر گرفتار کر لیتے ہیں، جنگل کا قانون ہے، ملک میں مقبوضہ کشمیر جیسے حالات ہیں،جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا مذاق تو 70سال سے ہو رہا ہے، 70سال بعد آپ کو کیوں یاد آیا مذاق ہو رہا ہے، ہمیں ساری باتیں بہت تاخیر سے یاد آتی ہیں، مقبوضہ کشمیر کا موازنہ پاکستان سے نہ کریں وہاں بھارتی فوج قابض ہے،لطیف کھوسہ نے کہا پرویز الٰہی کو بغیر کپڑوں والوں نے اٹھایا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کھوسہ صاحب یہ کہیں بغیر یونیفارم والے افراد نے اٹھایا، پرویز الٰہی کی حالیہ گرفتاری قانون کے تحت ہوئی،لطیف کھوسہ نے کہا سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا تھا،جسٹس سردار طارق مسعود نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دئیے آپ شاید گھڑی والے فیصلے کا ذکر رہے ہیں، کیس میں تو گھڑی کو بہت پیچھے تک لیکر جایا گیا تھا یہاں اب گھڑی بالکل درست ہے، آپ کا کیس غیر موثر ہوچکا۔

لطیف کھوسہ نے کہاغیر موثر ہوچکا تو نمٹا دیں، یہی پاکستان کا مقدر ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا پاکستان کا مقدر چند لوگوں کے ہاتھوں سے نہیں جڑا ،عدالت نے پرویز الٰہی کے وکیل سے 2 سوالات پر معاونت مانگتے ہوئے پوچھا کیا ہائیکورٹ کسی شخص کو درج نہ ہونے والے مقدمے میں بھی ضمانت دے سکتی ہے، پرویز الٰہی کی سپریم کورٹ میں دائر درخواست کیا غیر موثر نہیں ہوچکی؟،سپریم کورٹ نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔