عمران کیخلاف سائفرکیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی،وزارت قانون

اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،خبر نگار)عمران خان کیخلاف سائفرکیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی،وزارت قانون و انصاف نے این او سی جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا جب تک سکیورٹی اداروں کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی کلیئرنس نہیں دی جاتی تب تک چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف سائفرکیس کا جیل ٹرائل کرنے پر وزارت قانون کوکوئی اعتراض نہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے جیل ٹرائل کانوٹیفکیشن مسترد کردیا،پی ٹی آئی نے کہا جیل ٹرائل کیلئے وزارت قانون کا نوٹیفکیشن فیئر ٹرائل کی خلاف ورزی ہے،سائفر مقدمے کو خاص طرز پر چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، دستور کا آرٹیکل 10اے ہر شہری کو منصفانہ سماعت کا حق دیتا ہے۔

ترجمان نے کہا سائفر مقدمے میں بھی طے شدہ فیصلے کے مطابق ٹرائل آگے بڑھایا جا رہا ہے،چیئرمین اور وائس چیئرمین کے خلاف مقدمے کی کھلی عدالت میں سماعت کی جائے،ترجمان نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا چیئرمین پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا نوٹس لیا جائے۔