اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے ملکی مسائل پر مل بیٹھ کر بات کرنے کی ضرورت ہے ،ملک کو تباہی نہیں ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا،تاریخ سے نہ سیکھنے والی قومیں نقصان اٹھاتی ہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے معروف مصنف ڈاکٹر فاروق عادل کی کتاب ہم نے جو بھلا دیا تاریخ پاکستان کے گمشدہ اوراق کی تقریب رونمائی سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مرتضی سولنگی نے کہا تاریخ سے سیکھنے کی ضرورت ہے،موجودہ دور میں ذمہ دارانہ صحافت کا تعین انتہائی ضروری ہے،ڈاکٹر فاروق عادل نے اپنی کتاب میں ملک کے بنیادی مسائل کا ذکر کیا، مسائل پر کھلے دل سے بیٹھ کر بات کرنا ہوگی اسی طرح ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔
دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،معاونت کریں گے، فضل الرحمن بڑی جماعت کے رہنما ہیں، بیان کا مناسب جواب الیکشن کمیشن ہی دےگا،نواز شریف کی واپسی کا نگران حکومت سے کوئی تعلق نہیں،پاک چین سدا بہار تعلقات کامستقبل بہت شاندار ہے۔
مزید برآںوزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی سے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ملاقات کی ،امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرا نے حالیہ بم دھماکوں میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا دہشتگردوں ،سہولت کاروں کےلئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں،عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی ہر ممکن معاونت کریں گے،نگرا ن وزیر اطلاعات نے کہا امن و امان کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے،صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا فرض ہے۔
مل بیٹھنے کی ضرورت،فضل الرحمن کے بیان کاجواب الیکشن کمیشن دےگا،مرتضیٰ سولنگی

















