ترک پارلیمنٹ پر حملے کی کوشش ناکام،بمبار سمیت 2دہشتگرد ہلاک

انقرہ ،اسلام آباد(مشرق نیوز،بیورورپورٹ) اجلاس کے آغاز سے چند گھنٹے قبل ترک پارلیمنٹ پر حملے کی کوشش ناکام،بمبار سمیت 2دہشتگرد ہلاک،2پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق ترک وزارت داخلہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا پارلیمنٹ کے قریب ہونےوالا دھماکہ دہشتگرد حملہ تھا ،2پولیس اہلکار زخمی ہوگئے،داخلہ امور کے وزیرعلی یرلی کایا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس ) پر بتایادھماکہ خودکش تھا ، 2دہشتگرد صبح ساڑھے 9 بجے گاڑی میں سوار ہو کر آئے ،ایک نے خود کو وزارت داخلہ کی بلڈنگ کے باہر دھماکے سے اڑا لیا، دوسرے نے فائرنگ کردی جس سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے،سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دوسرے دہشتگرد کو ہلاک کر دیا۔

ترک وزارت خارجہ کے اہلکار نے بتایا 2دہشتگردوں نے وزارت داخلہ کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی ،ایک نے خود کو دھماکے سے اڑالیا ،پارلیمنٹ کے آس پاس بارودی موادسے بھرے کئی مشکوک پیکٹس بھی ملے ،دہشتگردوں نے اجلاس سے قبل بارودی مواد کو دھماکے سے اڑانے کا منصوبہ رکھا تھا، دھماکہ پارلیمنٹ کے اجلاس سے چند گھنٹے قبل ہوا۔

ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں،میڈیا رپورٹس کے مطابق 2016 کے بعد انقرہ میں ہونے والا پہلا دھماکہ ہے،دھماکہ ترک پارلیمنٹ کے قریب ہوا جسے چند گھنٹے بعد صدر رجب طیب اردگان کے خطاب کےساتھ دوبارہ کھولا جانا تھا،عینی شاہدین نے کہادھماکے کے بعد علاقہ گولیوں کی آواز سے گونجتا رہا،انقرہ میں سکیورٹی اقدامات سخت کر دئیے گئے ۔

ادھر حکام نے کہاتحقیقات کا آغاز کر دیا،حملے کے پیچھے کون ہے فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے،دریں اثناانقرہ دھماکے کے وقت کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ،ویڈیو میں دھماکے سے فضا میں دھویں اور آگ لگنے کے مناظر اورسڑکوں پر شہریوں کو خوفزدہ ہوکر بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے۔

بعدازاںترک پارلیمان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ردگان نے کہاانقرہ میں دہشت گردی کرنےوالے اپنے عزائم میں ناکام ہوگئے، پولیس کی بروقت کارروائی سے حملہ آور مارے گئے، شہر میں دہشتگردی کی آخری لہر ہے، ترکیہ دہشتگردی کےخلاف کوششیں جاری رکھے گا، دہشت گرد کبھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

اردگان نے کہانئے پارلیمانی سیشن کےلئے نیا آئین ترجیح ہے، ترکیہ مہنگائی کےخلاف کوششیں جاری رکھے گا، ترکیہ کی ترقی کےلئے بہت کام کیا گیا اب ایسے ملک میں نہیں رہتے جہاں پارلیمان ختم کرکے بغاوت کی جائے، ذمہ داری ہے شہری نئے آئین کےلئے کام کریں۔

ترک صدر نے کہایورپی یونین اپنی غلطیاں خصوصاً ویزہ معاملات میں غلطیاں درست نہیں کرتا تو یورپی یونین کسی بھی قسم کی توقع کا حق کھو دے گا۔

دوسری جانب پاکستان نے ترکیہ میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا گھناونے حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد و مکمل صحت یابی کےلئے دعاگو ہیں، پاکستان دہشتگردی کی لعنت کےخلاف جنگ میں ترکیہ کےساتھ کھڑا ہے،ترکیہ کی قوم عزم کےساتھ خطرے کو شکست دےکر مزید مضبوط ہو کر ابھرے گی۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے بیان میں کہا پاکستان انقرہ میں ہونےوالے بزدلانہ دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے،دہشتگردی کی لعنت کےخلاف جنگ میں ترک بھائیوں و بہنوں کےساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں،مجھے کوئی شک نہیں میرے بھائی رجب طیب اردگان کی متحرک قیادت میں ترک قوم چیلنج سے مزید مضبوط بن کر ابھرے گی۔

دریں اثناءوزیر اعظم میڈیا آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں نگراں وزیر اعظم نے کہا مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کی ہمدردیاں برادر ملک ترکیہ کےساتھ ہیں،زخمی ہونےوالے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں،مجھے پوری امید ہے ترکیہ میرے بھائی رجب طیب اردگان کی قیادت میں دہشتگردی کے چیلنج پر جلد قابو پا لے گا۔