دہشتگرد ،سہولت کار خوارج،پوری طاقت سے آپریشن جاری رہے گا،آرمی چیف

راولپنڈی(بیورورپورٹ)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے دہشتگرد ،سہولت کار خوارج ہیں، مذہب و نظرئیے سے کوئی تعلق نہیں،اندرونی و بیرونی شرپسند قوتوں کو ملکی معاشی و انسانی ترقی سے تکلیف پہنچ رہی ہے، قوم کی حمایت سے خوارج کےخلاف پوری طاقت سے آپریشن جاری رہے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا ،وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر کوئٹہ نے استقبال کیا،جنرل سید عاصم منیر کو مستونگ ،ژوب میں ہونےوالے حالیہ دہشتگرد حملوں پربریفنگ دی گئی،بریفنگ میں وزیر داخلہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان ،اہم صوبائی وزرا کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی، شرکا کی جانب سے شہدا کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

سربراہ پاک فوج نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا12 ربیع الاول کو ہونےوالی دہشتگردی اور اس طرح کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں،دہشتگردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے،دہشتگرد وسہولت کار خوارج ہیں، مذہب و نظرئیے سے کوئی تعلق نہیں، دہشتگرد پاکستان ،عوام کے دشمن ہیں، بری طاقتوں کےخلاف قوم کی حمایت سے ریاست و سکیورٹی فورسز بھرپور طاقت کا استعمال کرتی رہیں گی۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہادہشتگردوں کےخلاف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز ، قانون نافذ کرنے والے ادارے لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے،پاکستانی عوام نے دہشتگردوں کے نظرئیے اور پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ۔

آرمی چیف نے کہاپاکستانی عوام امن، معاشی و انسانی ترقی کےلئے پوری طرح پرعزم ہیں ،پاکستان کے اندر و باہر شر پسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے۔

جنرل سید عاصم منیر سی ایم ایچ بھی گئے،مستونگ واقعہ کے زخمیوں و اہل خانہ سے ملاقات کی، سپہ سالار کو بتایا گیا زخمیوں کا بہترین علاج کیا جا رہا ہے،آرمی چیف نے بلوچستان پولیس ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو خوب سراہا اور شہدا کے اہلخانہ کو مکمل تعاون و حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا دہشتگردوں ، سرپرستوں اور سہولت کاروں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔