اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہاہے پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی سوچ نہیں،پالیسی واضح ہے،کسی ملک کی تقلید کی بجائے فیصلہ قومی مفاد میں کرینگے، پاکستان کا قومی مفاد ہے فلسطینی عوام کو حق خود ارادیت دیا جائے، آزاد ریاست قائم ہوجس کا دارالخلافہ بیت المقدس ہو ،مسئلہ کشمیر اور فلسطین ایک جیسے ہیں۔
وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاجس طرح پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت کا مطالبہ کرتا ہے اسی طرح فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کا بھی مطالبہ کرتے ہیں،نگران وزیر اعظم اور میں نے جنرل اسمبلی اجلاس کے دور ان بھی واضح کیا اسرائیل پر پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ،چاہتے ہیں 1967کے سرحدات کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست قائم ہو ،موقف واضح ہے کسی ملک کی پیروی نہیں کرینگے۔
افغانستان میں مبینہ طورپر تقریباً 200کالعدم ٹی ٹی پی دہشتگردوں کی گرفتاری کے سوال پرجلیل عباس جیلانی نے کہاافغان حکام نے رابطوں میں پاکستان کےساتھ معلومات شیئر کی ہیںاگر طالبان حکومت نے افغان باشندوں کو گرفتار کیا ہے تو افغان قوانین کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔
نگران وزیر خارجہ نے کہاوفاقی کابینہ نے اصولی طورپر تمام غیر قانونی رہنے والے غیر ملکیوں کو پاکستان سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا اور فیصلہ صرف غیر قانونی افغان مہاجرین تک محدود نہیں ،کوئی بھی ملک غیر قانونی لوگوں کو اپنے ممالک میں رہنے کی اجاز ت نہیں دیتا ،وفد کادورہ افغانستان کامیاب رہا،پاکستان نے اپنی تشویش سے افغان عبوری حکومت کو آگاہ کردیا،کالعدم ٹی ٹی پی کی سرگرمیوں پر نہ صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کو تشویش ہے ، افغان حکومت کےساتھ معاملے پر مذاکرات چل رہے ہیں ، مطالبہ ہے افغانستان سے حملوں کو روکا جائے جو طالبان حکومت کی ذمہ داری بھی ہے ،توقع ہے سہ فریقی اجلاس میں کیے گئے وعدوں کوپورا کیاجائےگا۔
امریکی سفیر کے دورہ گوادر پر وزیر خارجہ نے کہاسی پیک پر پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے ،کسی تبدیلی کی گنجائش نہیں،سی پیک منصوبے کو ختم یا کمزور کر نے کا سوچ بھی نہیں سکتے ، پاکستان اب سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا،ریلوے لائنز کی مرمت ، نئے ریلوے لائن بچھانا اور زرعی شعبے میں چین کا تعاون شامل ہے۔
ورلڈ کپ کےلئے پاکستانی شائقین کو تاحال بھارتی ویزے نہ ملنے کے معاملے پر جلیل عباس جیلانی نے کہاآئی سی سی رولز کے مطابق شائقین کو ویزے دینا لازم ہے، پی سی پی پاکستانی شائقین کے ویزوں کےلئے آئی سی سی سے بات کریگا۔
وزیر خارجہ نے کہا نگران وزیر اعظم کا دورہ امریکہ انتہائی مفید رہا، وزیراعظم نے یواین سیکرٹری جنرل، ایرانی صدر ، نائب وزیر اعظم چین و نیدر لینڈ کے وزیراعظم سمیت اہم رہنماﺅں سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا،او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں کشمیر سمیت مختلف اجلاسوں میں شرکت کی اور او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر نے واضح الفاظ میں کشمیری بھائیوں کی حمایت کا اعلان کیا، جلیل عباس جیلانی نے کہا رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھارتی افواج کی جارحیت کی مذمت کی گئی اور اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کیاگیا،وزیر خارجہ نے کہاپاکستان کبھی بھی عالمی سطح پر تنہائی کا شکار نہیں ہوا، مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ،پاکستان اہم جمہوری ملک اور اہم کمیٹیوں کا رکن بھی ہے۔
اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی سوچ نہیں،وزیر خارجہ



















