اسلام آباد (بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن نے ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت کر دی ،کراچی کی قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں بڑھ گئیں،حلقہ بندیوں پر تجاویز و اعتراضات 27 اکتوبر تک دائر ہوسکیں گے ،الیکشن کمیشن اعتراضات کو 28 اکتوبر سے 26 نومبر تک نمٹائے گا،حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت 30 نومبر کو ہوگی۔
اعتراضات دائر کرنے کیلئے متعلقہ حلقے کا ووٹر ہونا ضروری ہے، ضلع کے نقشہ جات الیکشن کمیشن سے ضروری قیمت ادا کر کے لئے جا سکتے ہیں، بذریعہ کوریئر ڈاک و فیکس اعتراضات قابل قبول نہیں ہوں گے، الیکشن ایکٹ 2017 کے رول 12 کے تحت اعتراضات جمع کرانا ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آبادی کے تناسب سے حلقہ بندیاں کی گئیں،فہرست کے مطابق قومی اسمبلی 266، پنجاب اسمبلی 297 ، سندھ اسمبلی 130، بلوچستان اسمبلی 51 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 نشستوں پر حلقہ بندیاں ہوئیں ۔
قومی اسمبلی کا پہلا حلقہ این اے ون چترال اور آخری 266 قلعہ عبداللہ و چمن ہوگا،پنجاب اسمبلی کا پہلا حلقہ پی پی ون اٹک اور آخری پی پی 297 راجن پور ہوگا،سندھ اسمبلی کا پہلا حلقہ پی ایس ون جیکب آباد ،آخری پی ایس 130 وسطیٰ کراچی ہوگا، خیبر پختونخوا کا پہلا حلقہ پی کے ون چترال اور آخری پی کے 115 ڈیرہ اسماعیل خان ہوگا جبکہ بلوچستان کا پہلا حلقہ پی بی ون شیرانی وژوب ،آخری پی بی 51چمن ہوگا،فہرست الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔
ابتدائی رپورٹ میں کراچی کی قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 22 جبکہ کراچی کے 7 اضلاع میں سندھ اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 47 ہے،قبل ازیںقبل قومی اسمبلی میں کراچی کی نشستوں کی تعداد 21 اور سندھ اسمبلی میں 44 تھی۔
ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت،کراچی کی قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں بڑھ گئیں

















