ترجمہ قرآن میں تحریف کیس،نگران وزیراعظم،وزیراعلیٰ پنجاب لاہور ہائیکورٹ طلب

لاہور (کورٹ رپورٹر) ترجمہ قرآن میں تحریف کیس میںلاہور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو طلب کرلیا،جسٹس شجاعت علی خان نے کیس پر سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے وفاقی ،پنجاب حکومت کے وکلا کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا لگتا ہے معاملے پر وفاقی حکومت سنجیدہ نہیں ،وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کریں گے وہ بیان ریکارڈ کرائیں۔

جسٹس شجاعت علی خان نے ریمارکس دئیے جو جتنے مرضی روڑے اٹکائے، عدالتی حکم پر عملدرآمد کرائیں گے،ایڈیشنل آئی جی پنجاب پولیس شہزاد سلطان سمیت دیگر افسر عدالت میں پیش ہوئے ،وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل نے رپورٹ پیش کی،حکومت کی طرف سے مفصل تحریری جواب جمع نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ کو معلوم نہیں تھا سماعت ہے، 8 ماہ ہو گئے جواب کےلئے مہلت مانگی جا رہی ہے، 8 ماہ سے وفاقی حکومت کی رپورٹ نہیں آئی،کسی ایک کا نہیں بلکہ ہم سب کا کیس ہے۔

وفاق کے وکیل نے کہا رپورٹس جمع کرادیتے ہیں،عدالت نے ریمارکس دئیے آپ سیر کرنے آئے ہیں ،کیوں رپورٹ جمع نہیں ہوئی ؟ پھرملک کے چیف ایگزیکٹو کو بلا لیتے ہیں، نگران وزیراعظم آ کر خود جواب دے دیں، لگتا ہے نگران وزیراعظم کے سامنے معاملہ رکھا ہی نہیں گیا،وفاق کے وکیل کی جانب سے مزید مہلت کی استدعا پر عدالت نے ریمارکس دئیے آپ سنجیدہ ہوتے تو کوئی رپورٹ لازمی جمع کراتے، نگران وزیراعظم پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضح کریں۔

جسٹس شجاعت علی خان نے ریمارکس دئیے گزشتہ سماعت پر پرنسپل سیکرٹری و دیگر افسروں نے یقین دہانی کرائی تھی، موجودہ نگران حکومت کیا کر رہی ہے،کیا معاملہ علم میں نہیں، لگتا ہے وفاقی حکومت معاملے میں سنجیدہ نہیں لیکن ایسا نہیں ہو گا،وزیراعظم کو طلب کر کے پوچھ لیتے ہیں عدالتی حکم پر عملدرآمد چاہتے ہیں یا نہیں،عدالت نے ایڈیشنل آئی جی پنجاب کی کارکردگی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا بتائیںکیا مسئلہ ہے، میںبہت پریشان ہوں۔

ایڈیشنل آئی جی پنجاب نے کہا کچھ ملزموں کو گرفتار کر کے چالان کیے، عدالت نے کہا آئی جی پنجاب عثمان انور کو معاملہ دیکھنا چاہیے، کیا 2026 یا 27 کی تاریخ ڈال دیں، افسروں کو بتانا چاہیے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

ایڈیشنل آئی جی پنجاب شہزادہ سلطان نے بیان دیا دائرہ اختیار بہت محدود ہے،عدالت نے ریمارکس دئیے آپ اپنے دائرہ اختیار پر جتنا عمل کررہے ہیں سب کو پتہ ہے،ہائیکورٹ نے عدالت نے ڈی پی او چنیوٹ پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دئیے آئی جی کو چاہیے ڈی پی او کو کسی کورس پر بھیجیں، عدالت نے نگراںوزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو 16اکتوبر کو پیش ہونے کاحکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔