لاہور ( اپنے رپورٹر سے)سابق وفاقی وزیر وسینئر رہنما ن لیگ جاوید لطیف نے کہا ہے نوازشریف کی ڈکشنری میں ڈیل نہیں ،قائد ن لیگ عوام کو خوشحالی کانیا ایجنڈا دینے وطن واپس آ رہے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف عدم اعتماد کسی کی خواہش نہیں بلکہ ریاست کی ضرورت تھی، غیر آئینی اقدامات کرنےوالے 2017 کے کرداروں کو کٹہرے میں لایا جائے،اداروں میں خود احتسابی کا سسٹم موجود ہے مگر طاقتور لوگ ادارے میں خود احتساب نہیں ہونے دیتے، ان خیالات کا اظہار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
جاوید لطیف نے کہا پچھلے دنوں نوازشریف کے پاس گیا تو پاکستان کےلئے عزم و پختہ ارادہ و فکر مند ہونا دیکھ کر اطمینان ہوا ،2017ءکی ڈوبی معیشت کو نوازشریف ہی گرداب سے باہر نکالیں گے،پاکستان میں لیاقت علی خان ،فاطمہ جناح ،ذوالفقار بھٹو اور نوازشریف کے ساتھ ظلم کو وقتی طورپر سائیڈ پر رکھ دیں تو سوال کروں گا انصاف والے ادارے پر انصاف نہ دینے پر تنقید کرتے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہااگر منصف آئین و قانون کے مطابق فیصلے دیتے تو کسی کو کہا جاتا دماغی توازن ٹھیک نہیں، طاقتور افراد آئین و قانون کی بجائے اپنا فیصلہ سنانے کی ہدایت کرتے تو انکار پر نوکری سے ہٹا دیا جاتا ہے اگر جج فیض آباد دھرنے کا فیصلہ دیتے تو ریفرنس فائل کرا دیا جاتا ہے، انصاف کرنے والوں کے پیچھے قوم نہیں کھڑی ہوگی تو کس سے انصاف کا مطالبہ کریں گے۔
نوازشریف کی ڈکشنری میں ڈیل نہیں ،جاوید لطیف


















