نیویارک ( ) وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کسی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا گیا تاہم 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
پاکستان مشن نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم نے کہا پاکستان 2 دہائیوں سے بھارت کی دہشت گردی کا نشانہ بن رہا ہے، کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کے بعد بھارت پر سنجیدہ نوعیت کے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا افغانستان سے تعمیری بات چیت کا عمل جاری ہے، بھارت دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، کینیڈا میں سکھ رہنما کو بہیمانہ انداز میں قتل کیا گیا، کینیڈا میں بھارتی اقدامات سے مغربی دنیا کو جھٹکا لگا ہے، کینیڈا واقعے نے مغرب کی آنکھیں کھول دیں۔
نگران وزیراعظم نے مزید کہا مختلف عالمی فورمز پر موسمیاتی تبدیلی کا معاملہ اٹھایا، پاکستان چاہتا ہے مسئلہ فلسطین حل ہو، امن کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ضروری ہے، اپنی سرزمین کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا الیکشن تاریخ کا اعلان جلد ہو جائے گا ، ملک میں انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا گیا، 9 مئی واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔
کسی کو سیاسی عمل سے نہیں روکا مگر 9 مئی واقعات پر کارروائی ہوگی: وزیراعظم



















