اسلام آباد(بیورورپورٹ)نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے الیکشن کمیشن کے اعلان پر خوشی کا اظہار کرتا ہوں، الیکشن کمیشن کا ادارہ قابل و لائق لوگوں پر مشتمل ہے، واحد ادارہ ہے جس نے صاف شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے ہیں، پہلے امکان تھا شاید لمبا عرصہ حلقہ بندیوں میں لگے گا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہاانتخابات کرانے کیلئے تمام وسائل موجود ہیں، الیکشن کمیشن جب کہے گا کرا دیں گے،غالب امکان یہی ہے جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات ہوں گے، الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابی مہم کیلئے 54 دن دینے ہیں، حتمی تاریخ کا اختیار بھی الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔
نگران وزیر اطلاعات نے کہا یقینی بنائیں گے تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع حاصل ہوں،سب سے بڑا چیلنج الیکشن کمیشن کی اعانت کرنا ہے، ریاست کی پوری طاقت الیکشن کمیشن کے پیچھے کھڑی کریں گے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا میرے پاس غیب کا علم نہیں ، نہیں کہہ سکتا کل کیا ہوگا، کوئی وجہ نظر نہیں آتی الیکشن میں تاخیر ہو، بجٹ میں الیکشن کیلئے پیسے موجود ہیں، کسی قسم کا مسئلہ نہیں۔
ریاست کی پوری طاقت الیکشن کمیشن کے پیچھے کھڑی کرینگے، مرتضیٰ سولنگی


















