اسلام آباد (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے دہشتگردی میں ملوث 2ملزموں کی سزا کےخلاف اپیلیں مسترد کر دیں ،سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا عمر قید کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیلیں مسترد کیں۔
14 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس مظاہر نقوی نے تحریر کیا، فیصلے میں کہاگیاملک کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جو دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار رہے،90کی دہائی میں انتہا پسندی کی بنیاد پر دہشتگردی ہوئی، وقت کےساتھ کارروائیوں میں مزید اضافہ ہوا۔
فیصلے کے مطابق اب دہشتگردی کا نشانہ اہم عہدوں پر فائز شخصیات و قانون نافذ کرنے والے ادارے ہیں،دھماکہ خیز مواد، آتشیں اسلحہ، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور دہشتگردی کے ذریعے فنڈز اکٹھے کیے جا رہے ہیں، تمام سرگرمیوں کا مقصد معاشرے کا امن تباہ کرناو خوف و ہراس پھیلانا ہے۔
دہشتگردی کی بڑھتی سرگرمیوں سے قومی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، ریاست کو دہشتگردوں سے محفوظ رکھنے اور اپنی عملداری برقرار رکھنے کےلئے غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہے،ریاست، ادارے متفق ہیں قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے اسی مقصد کےلئے انسداد دہشتگردی قانون متعارف کرایا گیا، ہر گزرتے دن کے ساتھ جرائم کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سپریم کورٹ نے کہاقانون توڑ کر معاشرے کا امن تباہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹنا ضروری ہے، معاشرے کا امن تباہ کرنے والے مجرم کسی نرمی کے حقدار نہیں۔
امن تباہ کرنے والے مجرم کسی نرمی کے حقدار نہیں،سپریم کورٹ

















