پریکٹس پروسیجر کیس کے فیصلے تک حساس مقدمات کی سماعت نہیں ہوگی، قاضی

اسلام آباد(بیورورپورٹ) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے حساس مقدمات کی سماعت کو پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کے فیصلے سے مشروط کردیا،ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے رجسٹرار آفس کو اہم ہدایت جاری کردی جس میں کہا گیا ہے حساس مقدمات کی سماعت پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کے فیصلے تک نہیں ہوں گی۔

دوسری جانب جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس بننے کے بعد سپریم کورٹ نے پہلے 3 روز میں 56 فیصد کیسز نمٹادیئے،19 سے 21 ستمبر تک 313 کیس سماعت کےلئے مقرر ہوئے،5 بنچز نے 313 میں سے 174 کیس نمٹائے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بننے والے بنچ نے 49 میں سے 23 کیسز نمٹائے۔

ذرائع سپریم کورٹ کے مطابق جسٹس سردار طارق کے بنچ میں 87 میں سے 70 کیسز کا فیصلہ ہوا ،جسٹس اعجاز الاحسن کے بنچ میں 54 میں سے 25 کیس نمٹائے گئے،جسٹس یحییٰ آفریدی کے بنچ نے 75 میں سے 35 کیس نمٹائے ،جسٹس جمال مندوخیل کے بنچ میں 48 میں سے 22 کیس نمٹائے گئے۔

مزید برآں چیف جسٹس نے پراپرٹی کیس میں عدالت کا وقت ضائع کرنے پر وکیل کو 5ہزار جرمانہ کردیا، جرمانے کی رقم فلاحی ادارے میں جمع کرائی جائے گی،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو مس لیڈ کرنے کی کوشش کی،آپ کے عمل سے عدالت کو آپ پر اعتبار نہیں رہا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہاجرمانے کی رقم اپنی مرضی کے خیراتی ادارے میں جمع کرا کے رسید پیش کریں۔