اسلام آباد(بیورورپورٹ)ٹرائل کورٹ نے ارشد شریف قتل کیس کی کارروائی روکدی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا،حکم نامے کے مطابق ارشدشریف قتل کیس کی ٹرائل کورٹ میں کارروائی روک دی ، گواہوں کی غیر حاضری و عدم دلچسپی کے باعث کارروائی کی فائل ریکارڈ روم بھیج دی گئی ،تفصیلی فیصلے کے مطابق 16 مارچ کو ارشدشریف قتل کیس میں عدالت کو پینل کوڈ سیکشن512 کا چالان موصول ہوا، 5 اپریل کو بیانات ریکارڈ کرانے کےلئے عدالت نے گواہوں کو طلبی کا نوٹس بھیجا، متعدد بار بیانات ریکارڈ کرانے کےلئے گواہوں کو طلب کیاگیا لیکن کوئی پیش نہ ہوا۔
عدالتی فیصلے کے مطاق ارشدشریف قتل کیس میں گواہوں کی بیان ریکارڈ کرانے میں دلچسپی نہیں، 15 مرتبہ پراسیکیوشن کو شواہد جمع کرانے کا موقع دیاگیا، گزشتہ سماعت پر پراسیکیوشن کو نوٹس دیاکیوں نہ فائل ریکارڈ روم بھیج دی جائے، پراسیکیوٹر کے مطابق پرائیویٹ و سرکاری گواہ بیانات ریکارڈ کرانے نہیں آرہے،عدالت نے حکم میں کہا صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ارشدشریف قتل کیس کی کارروائی روکی جاتی ہے، گواہوں کی پیشی کو دیکھتے ہوئے پراسیکیوشن نئی تاریخ کےلئے درخواست دائر کر سکتی ہے، عدالت نے آئندہ احکامات تک کیس داخل دفتر کرنے کی ہدایت کردی۔
ٹرائل کورٹ نے ارشد شریف قتل کیس کی کارروائی روکدی



















