حکومتیں مجرموں کی مشروط رہائی کے قوانین پرفوری عملدرآمد یقینی بنائیں،سپریم کورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے وفاقی و صوبائی حکومتیں مجرموں کی مشروط رہائی کے قوانین فعال کرکے فوری عملدرآمدیقینی بنائیں۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے جیلوں میں قیدیوں کی حالت زارپر5صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا مشروط رہائی مجرم کا حق ہے، مجرم کو مشروط رہائی قانونی کارروائی پوری کرکے دی جاسکتی ہے، قوانین پر عمل نہ ہونا آئینی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

عدالت عظمیٰ نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو پروبیشن کے اہل تمام افراد کی رہائی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا وزیراعظم ،وزرائے اعلیٰ پروبیشن پر رہائی کے قوانین کا فعال ہونا یقینی بنائیں، قیدیوں کوآزادانہ نقل و حرکت کے سوا تمام آئینی حقوق حاصل ہوتے ہیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ملک بھر کی جیلوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہونے کی وجہ سے آئینی حقوق کی فراہمی ناممکن ہوچکی، بنیادی انسانی حقوق متاثر ہو رہے ہیں،عدالتی فیصلے میں کہا گیا موجودہ نظام انصاف اشرافیہ تک محدود ہے ،پسماندہ عوام پس رہے ہیں، جیلیں قیدیوں کی بحالی و سدھار کا مرکز ہوتی ہیں، ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے یقینی بنائے کسی قیدی کے بنیادی حقوق متاثر نہ ہوں،غریب لوگوں کیلئے ریاست بھی سستے و فوری انصاف کی فراہمی کیلئے کردار ادا نہیں کر رہی۔

سپریم کورٹ نے کہا فوجداری نظام بااثر افراد کے ہاتھوں کمزوروں کے استحصال اور انصاف کی عدم فراہمی کی اجازت دیتا ہے، آئین کے تحت چلنے والے معاشرے میں جیلوں کی ایسی حالت زار ناقابل برداشت ہے۔