نئی حکومت منتخب ہوتے ہی اقتدارمنتقل کردینگے،وزیراعظم

اسلام آباد،نیویارک(بیورورپورٹ،خواجہ فاروق)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے عوام کی تکالیف کا ادراک ہے، مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں، ٹیکس نظام میں بہتری سے عوام کو ریلیف ملے گا، انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت کو اقتدار منتقل کر دیں گے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کروں گا، نواز شریف کی وطن واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں، معاملہ عدالت میں ہونے پر عدالتیں ہی فیصلہ کریں گی، انتظامی اقدامات کے باعث ڈالر کی قیمت میں کمی، کھاد، چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی سمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاعالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں کے تناظر میں پٹرول کی قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے، بدقسمتی سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان جیسے ممالک کیلئے بڑا چیلنج ہے، عوامی احتجاج پر میڈیا کے ایک حصے نے میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جو بات کہی نہ گئی ہو وہ تہمت اور صحافتی بددیانتی کے زمرے میں آتی ہے، امید ہے میڈیا میں بھی اخلاقیات و ضابطہ اخلاق پر عمل کیا جائےگا۔

وزیراعظم نے کہاخراب ٹیکس نظام کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، ٹیکس نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے کیونکہ کئی دہائیوں سے ٹیکس نظام میں اصلاحات نہیں کی گئیں، انتظامی اقدامات کے باعث روپیہ مستحکم ہوا ،سب کا کریڈٹ ہے،پاک فوج کا نظام دیگر اداروں کے مقابلے میں مضبوط ہے، آرمی چیف آئین کی عملداری کے بھرپور حامی ہیں، سویلین اداروں کی استعدادکار میں اضافے و کارکردگی میں بہتری پر توجہ مرکوز ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاریاست کے مفاد میں بعض اوقات مشکل و تلخ فیصلے کرنا پڑتے ہیں،منصب کا تقاضہ ہوتا ہے، عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کیلئے کوشاں ہیں، عوام کارکردگی کی بنیاد پر اپنے نمائندے منتخب کریں گے،انتخابات نہ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، الیکشن کمیشن پوری تیاری کر رہا ہے،فنڈز و سکیورٹی کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ذمہ داری ہے اور ذمہ داری کو پورا کریں گے ،نئی حکومت منتخب ہوتے ہی اقتدارمنتقل کردینگے، انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا آئینی اختیار ہے۔

وزیراعظم نے کہا میرا خیال ہے بلاول بھٹو زرداری نے نگراں حکومت پر بیان نہیں دیا ، سیاسی بیان بازی الگ چیز ہے، اٹھارویں ترمیم میں نگراں حکومتوں کیلئے آئینی طریقہ کار وضع کیا گیا جس کے تحت نگراں حکومت وجود میں آئی،غلط رپورٹنگ ،ہتک عزت پر کسی قانون پر عمل نہیں کیا جاتا، میرا نیب میں کوئی کیس نہیں، نیب انکوائری تھی جو بند ہو چکی ،میرے کوئی اثاثے سامنے نہیں آئے،ترجمان بلوچستان کی حیثیت سے بغیر تنخواہ کے خدمات سرانجام دیں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا اپنی تنخواہ میں گزارہ کرتا ہوں، اراکین پارلیمنٹ، وزرا اور وزیراعظم کی تنخواہیں کم ہیں ،کم سے کم تنخواہ بھی کم ہے، اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہیں سپریم کورٹ کے جج کے برابر ہونی چاہئیں تاکہ اراکین پارلیمنٹ پارلیمانی کارروائی میں بھرپور طریقہ سے حصہ لے سکیں، مالی مشکلات کے باعث ابھی تنخواہوں میں اضافہ زیر غور نہیں، حکومتی توجہ عوام کی خدمات پر ہوتی ہے، مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

نگران وزیراعظم نے کہا بدانتظامی پر قابو پانے اور وسائل بڑھانے کیلئے ٹیکسوں میں اضافے، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے کوشاں ہیں، ویزا میں آسانی ، ایس آئی ایف سی کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ماضی میں وسائل کے غلط استعمال کے باعث موجودہ صورتحال کا سامنا ہے، عام آدمی مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہے، چینی کی قیمتوں میں 80 سے 90 روپے کا فرق سمگلنگ کے باعث ہے، ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو غیر قانونی گٹھ جوڑ کے ذریعے سمگلنگ کرتے ہیں، گٹھ جوڑ کو توڑا اور بند کر دیا، چھپ کر سمگلنگ کرنے والے خوف کا شکار ہیں، غذائی اجناس، کھاد، ڈالر، ایرانی تیل سمیت دیگر غذائی اجناس کی سمگلنگ روک دی ، ڈالر کی قیمت میں مزید کمی آئے گی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاکشمیر کی متنازع حیثیت پر سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں ،پاکستان کا مو¿قف واضح ہے، بلوچستان متنازع علاقہ نہیں ، اقوام متحدہ نے کشمیر کے متنازع علاقے کی قسمت کا فیصلہ رائے شماری سے کرانے کا وعدہ کیا ہے، بھارت میں خالصتان سمیت علیحدگی پسندی کی مختلف تحریکیں چل رہی ہیں، جونا گڑھ کے معاملے پر بھی پاکستان دعویدار ہے،جنرل اسمبلی اجلاس میں مسئلہ کشمیر پرپاکستان کا موقف بھرپور انداز میں اجاگر کروں گا، بھارت میں ہندوتوا کے پیروکار پاکستان کے قیام کو دل سے تسلیم نہیں کرتے، پاکستان بھارت میں ہونےوالی تبدیلیوں کا سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے،افغانستان سے اتحادی فوج کے انخلا کے بعد چھوٹے و جدید ہتھیار وہاں رہ گئے جو کالعدم تنظیموںاور غیر ریاستی عناصر کے ہاتھ لگ گئے یہ ہمارے لئے چیلنج ہے، پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں و شہریوں کو اب بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، امریکہ کے خطے سے جانے کے بعد عالمی سطح پر دہشتگردی کےخلاف جنگ کو ختم نہیں ہونا چاہئے۔

قبل ازیں اپنی ٹوئٹ میںنگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کےلئے پرجوش ہوں،انوار الحق کاکڑ نے کہا امریکہ کے 5روزہ اہم دورے پر روانہ ہوا ہوں،دورے کے دوران عالمی ماحولیاتی چیلنجز، عالمی رہنماﺅں سے بات چیت کروں گا، بین الاقوامی میڈیا اور ٹاپ تھنک ٹینک سے تبادلہ خیال کروں گا۔