چیف جسٹس قاضی فائزکا حلف ،پریکٹس پروسیجر ایکٹ پرفل کورٹ تشکیل

اسلام آباد (بیورورپورٹ) سینئر ترین جج قاضی فائز عیسیٰ نے 29 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی ،تقریب میں شرکت کیلئے سپریم کورٹ کے تمام ججز ایک ساتھ ایوان صدر پہنچے۔

صدر مملکت عارف علوی نے نو منتخب چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے حلف لیا،حلف برداری کے آغاز سے پہلے جسٹس قاضی فائز نے اہلیہ سرینا عیسیٰ کو بلایا اور اپنے ساتھ کھڑا کرکے حلف اٹھایا، سرینا عیسیٰ حلف برداری مکمل ہونے تک ساتھ موجود رہیں۔

تقریب حلف برداری میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، چاروں صوبائی گورنرز، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت وفاقی وزرا اور وکلا نے بھی شرکت کی۔

یاد رہے حلف لینے والے صدر عارف علوی نے ہی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کےخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس بھیجا تھا،4سال قبل صدر نے قاضی فائز عیسیٰ کےخلاف آرٹیکل 209 کے تحت ریفرنس بھیجا ،اہلیہ سرینا عیسیٰ کو بھی انکوائریز میں پیش ہونا پڑا ۔


واضح رہے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 5 ستمبر 2014 کو سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پبلک پارکوں کے استعمال، ماحولیات، خواتین کے وراثتی حقوق، فیض آباد دھرنا کیس پر اہم فیصلے دیئے،عدلیہ سمیت کسی بھی ادارے کیلئے محترم کا لفظ استعمال نہ کرنے کی آبزرویشن بھی دی اور اکیسویں آئینی ترمیم کیس میں سویلنز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کو غیر آئینی قرار دیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے فیصلوں میں ہمیشہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی پر زور دیا،بطور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیلئے سپریم کورٹ کے ججز میں اختلافات ختم کرنا، بنچز کی تشکیل اور موجودہ سیاسی صورتحال میں عدلیہ کا وقار بحال کرنا بڑے چیلنجز ہوں گے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بطور چیف جسٹس 25 اکتوبر 2024 کو عہدے سے ریٹائر ہو ں گے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ جوڈیشل کمیشن کے سربراہ بھی ہوں گے، جوڈیشل کمیشن کے ذریعے اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتیاں ہوتی ہیں،دریں اثنا سپریم جوڈیشل کونسل اور جوڈیشل کمیشن کے ممبران میں تبدیلی کردی گئی ،جسٹس اعجاز الاحسن سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن بن گئے ،جسٹس سردار طارق پہلے ہی سپریم جوڈیشل کونسل کا حصہ ہیں۔

علاوہ ازیں جسٹس منیب اختر ججز تقرری کےلئے قائم جوڈیشل کمیشن کا حصہ بن گئے ،جسٹس سردار طارق، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور پہلے ہی جوڈیشل کمیشن کا حصہ ہیں۔

دریں اثناچیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے حلف اٹھانے کے بعدپریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس سماعت کیلئے مقرر کرکے 15رکنی فل کورٹ تشکیل دےدیا،نئی رجسٹرار جزیلہ اسلم کے دستخط سے روسٹر جاری کردیا گیا۔

جاری کئے گئے روسٹر کے مطابق 15 ججز پر مشتمل فل کورٹ پیر کو سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کےخلاف درخواستوں پر سماعت کرے گا، فل کورٹ کی سربراہی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کریں گے۔

جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس مسرت ہلالی بنچ کا حصہ ہیں۔