لاہور،پشاور،کراچی (خبر نگار،بیورورپورٹ)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے نیب ترامیم بارے سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف کے منافی اور نظریہ ضرورت کی ایک اورسیاہ نظیر ہے ، اس فیصلے سے ریاست کے انتظامی عمل اور ڈھانچے کوسخت نقصان پہنچے گا، نیا نظام عدل ریاست کی بقا کےلئے لازم ہے ، وقت آگیا ہے ججز کی تقرری اوراحتساب ججز کی بجائے پارلیمانی عمل کے ذریعے ہو ، مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے عمر عطا بندیال نے جاتے جاتے لاڈلے کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے، اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا،لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تاڑر نے کہا ہے ہماری لیڈر شپ تو بھگت چکی ہے، انہیں یہ نہیں پتا ہمارے زیادہ تر کیسز کا پہلے ہی میرٹ پر فیصلہ ہو چکا ہے، نواز شریف و دیگر نے توشہ خانہ سے تحائف لے کر بیچے نہیں، عمر عطا بندیال کے جانے پر آج ہم یوم نجات منا رہے ہیں، سابق وزیر داخلہ رانا ثنا ءنے کہا ہے نواز شریف کسی ڈیل کے تحت واپس نہیں آ رہے ،ان کی 21اکتوبر کو وطن واپسی کی تاریخ حتمی ہے ،قانونی طور پر تمام حفاظتی انتظام کر کے نواز شریف تشریف لائیں گے،قانونی مشکلات سے بچنے کیلئے ان کی لیگل ٹیم کام کر رہی ہے ، انشا اللہ وہ ایسی صورت میں آئیں گے جس کے تحت وہ ایک آزاد شہری کی طرح عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کرنے کےلئے پیش ہوں گے ،نیب ترامیم پر جو فیصلہ دیا گیا ہے اس نے سپریم کورٹ کی عزت میں اضافہ نہیں کیا ، سبکدوش چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کو متنازع بنانے میں جو کردار ادا کیا فیصلے نے ثابت کر دیا ہے، سپریم کورٹ نے نیب ترامیم پر متنازعہ فیصلہ دیا ہے ،اب نیب کا کالا اور ظالمانہ قانون اپنی اصل شکل میں بحال ہو گیا جس پر پی ٹی آئی اور ان کے چیئرمین کو مبارکباد ہو ، ہم نے تو اسے بھگت لیاہے اب یہ اسے بھگتیں گے،ترجمان جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) اسلام غوری نے کہا ہے چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے اپنے آخری فیصلے میں بھی سپریم کورٹ کے وقار کو مجروح کیا ہے،ا چیف صاحب جاتے ہوئے آج کے فیصلے سے عدلیہ میں مزید دراڑ ڈالنے کے مرتکب ہوئے ہیں،انہوں نے کہا جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر چیف جسٹس نے جمہوریت کے سب سے بڑے ادارے پارلیمنٹ کے فیصلے کو سبوتاژکیا، چیف جسٹس کے اس فیصلے سے آمر کے بنائے نیب قوانین کو تقویت ملی، بندیالی فیصلوں نے پارلیمنٹ اور اعلیٰ عدلیہ کو ایک دوسرے کے مقابل لا کھڑا کیا ہے،اسلم غوری نے کہا بندیالی دور میں ججز کو تقسیم اور اعلیٰ عدلیہ کے وقار کو مجروح کیا گیا، آئینی منصب ایسے افراد کی وجہ سے اپنی وقعت کھو دیتا ہے، عدلیہ کی تاریخ کا سیاہ دور آج ختم ہونے جا رہا ہے، پارلیمنٹ کے بنائے قوانین ردی کی ٹوکری میں پھینکنے کی یہ روش خطرناک ہے،سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے نیب ترامیم کیس میں فیصلے کو زبردست قرار دیتے ہوئے کہا اسکا فائدہ صرف عوام کو ہوگا،16ماہ پی ڈی ایم جماعتوں نے خود کو قانون کے دائرے سے باہر نکالا، خوش آئند ہے کہ ان کے کیسز کھل گئے ہیں،انھوں نے نئے چیف جسٹس کے حوالے سے کہا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی تاریخی فیصلے لیں گے جس سے قوم کو بہت فائدہ ہوگا،پرامید ہوں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پاکستان کے عوام کیلئے بہترین فیصلے کریں گے۔
متنازع بنچ کا متنازع فیصلہ،بے رحم قانون پی ٹی آئی کو مبارک اب مزہ بھگتیں:ن لیگ،جے یو آئی



















