لاہور (نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی نے کہاہے صدر مملکت وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں،ہر صورت انتخابات چاہئیں، چاہے اعلان کوئی بھی کرے،پی پی کو دیوار سے لگانے کی کوشش ہو رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا اجلاس میں صدر کے خط، انتخابات و ملکی مسائل پر غور کیا گیا، صدر مملکت عارف علوی ادھر کی بات کرتے ہیں نہ ادھر کی، وکٹ کے دونوں اطراف کھیلتے ہیں،صدر کے پاس الیکشن تاریخ کے اعلان کا اختیار نہیں ، خط لکھ کر کنفیوژن پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
شازیہ مری نے کہاسی ای سی کا اجلاس گزشتہ اجلاس کا تسلسل ہے، سی ای سی جمعہ کو بھی جاری رہے گی،تمام اراکین کے نکتہ نظر پیش ہونے کے بعد قیادت کوئی فیصلہ کرے گی،الیکشن چاہتے ہیں تاکہ بے یقینی کی صورتحال سے نکل جائیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہاملک میں الیکشن ہم آہنگی کےساتھ ہونا چاہیے، بحث میں نہیں پڑنا چاہتے حکومت میں شوگر و سکیورٹی کے معاملات کس کے پاس تھے، کوئی ضد نہیں کر رہے، حلقہ بندیاں بیشک کریں لیکن الیکشن جلد کرائیں، تاج حیدر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ، ٹرانسفر، پوسٹنگ کیسے ہو رہی ہے، ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جائے۔
شازیہ مری نے کہان لیگ الزام تراشی کرتی رہے، پارٹی کا فیصلہ ہو گا کس سطح پر (ن) لیگ سے ڈیل کرنا ہے، پیپلز پارٹی کسی صوبے میں کمزور نہیں، لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے، لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائےگی تو منشور پر بات کریں گے،نگراں حکومت کچھ معاملات میں جانبداری کا مظاہرہ کررہی ہے، پیپلزپارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا لطیف کھوسہ کو نوٹس دیا گیا ،اجلاس میں لطیف کھوسہ، اعتزاز احسن کو دعوت دی تھی، اسلام آباد میں مصروفیت کی وجہ سے دونوں نہیں آسکے،سندھ میں سیلاب متاثرین، ترقیاتی کاموں کے فنڈز روک دیئے گئے ، صرف سندھ میں ترقیاتی کاموں پر پابندی ہے باقی صوبوں میں نہیں ، پنجاب، کے پی کے میں ٹرانسفر، پوسٹنگ و تقرریاں بھی ہو رہی ہیں، سندھ میں ٹرانسفر، پوسٹنگ پر پابندی ہے، پیپلز پارٹی کے دوستوں کو تحفظات ہیں۔
شازیہ مری ،فیصل کریم کنڈی نے کہا الیکشن ایک دن کرانے پر اتفاق ہوگیا تھا مگر پھر پی ٹی آئی کا لیڈر مکر گیا۔
ہر صورت انتخابات چاہئیں، اعلان کوئی بھی کرے،پیپلز پارٹی


















