اسلام آباد (بیورو رپورٹ) صدر مملکت نے عام انتخابات کیلئے 6 نومبر تک کی تاریخ تجویز کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو اعلیٰ عدلیہ سے رہنمائی کیلئے خط لکھ دیا۔
عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے نام لکھے خط میں کہا 9 اگست کو وزیراعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی کو تحلیل کیا، صدر کا اختیار ہے عام انتخابات کیلئے 90 دن کے اندر کی تاریخ مقرر کرے، آئینی ذمہ داری پوری کرنے کی خاطر چیف الیکشن کمشنر کو ملاقات کیلئے مدعو کیا گیا تاکہ آئین و حکم کو لاگو کرنے کا طریقہ وضع کیا جاسکے۔
خط کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے جواب میں برعکس موقف اختیارکیا آئین کی سکیم و فریم ورک کے مطابق اختیار الیکشن کمیشن کا ہے، وفاق کو مضبوط بنانے، صوبوں کے درمیان اتحاد و ہم آہنگی کے فروغ اور غیر ضروری اخراجات سے بچنے کیلئے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات ایک ہی دن کرائے جانے پر اتفاق ہے۔
صدر نے کہا الیکشن کمیشن آزادانہ، منصفانہ انتخابات کیلئے آئینی و قانونی اقدامات کی پابندی کرے اور ایک ہی دن انتخابات کرانے کیلئے اعلیٰ عدلیہ سے رہنمائی حاصل کرے۔ خط میں کہاگیا اگست میں مردم شماری کی اشاعت کے بعد حلقہ بندیوں کا عمل بھی جاری ہے، آرٹیکل 51(5) اور الیکشن ایکٹ کے سیکشن 17 کے تحت لازمی شرط ہے، وزارت قانون وانصاف بھی الیکشن کمیشن جیسی رائے کی حامل ہے۔
عارف علوی نے کہاچاروں صوبائی حکومتوں کا خیال ہے انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے،آرٹیکل 48(5) کے تحت صدر کا اختیار ہے اسمبلی تحلیل کی تاریخ سے 90 دن کے اندر تاریخ مقرر کرے لہٰذا عام انتخابات قومی اسمبلی تحلیل کی تاریخ کے 89ویں دن یعنی پیر 6 نومبر تک ہونے چاہئیں۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے انتخابات کےلئے 6 نومبر کی تاریخ تجویز نہیں کی گئی،صدر نے 6 نومبر کی تاریخ آرٹیکل 48(5)کی تشریح کے تناظر میں کہی ،صدرمملکت نے الیکشن کمیشن کو صوبائی حکومتوں،سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرنے اورعدالت سے رابطہ کر کے تاریخ کا اعلان کرنے کیلئے رہنمائی لینے کا کہا۔
عام انتخابات 6 نومبر تک ہونے چاہئیں،صدر مملکت نے تجویز دےدی



















