پاک ترکیہ مضبوط و برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے،آرمی چیف

انقرہ (مشرق نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے پاک ترکیہ مضبوط و برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فو ج جنرل سید عاصم منیر نے ترکیہ کا دورہ کیا، دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی، سفارتی و فوجی تعاون کا حصہ ہے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان، خارجہ و دفاع کے وزرا ،جنرل سٹاف اور بری و فضائیہ کے کمانڈروں سے ملاقات کی،سپہ سالار نے ملاقاتوں میں دفاع و تربیت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

جنرل سید عاصم منیر نے خطے میں امن کےلئے ترکیہ فوج کی کوششوں کو سراہا،افواج کی پیشہ وارانہ تیاریوں کی تعریف کی،آئی ایس پی آر کے مطابق ترکیہ کے رہنماوں نے رواں سال فروری میں ترکیہ میں آنےوالے زلزلے کے دوران پاکستانی آرمی انجینئرز کی پیشہ وارانہ خدمات کا اعتراف کیا۔

آرمی چیف نے انقرہ میں ترکیہ کے عظیم رہنما مصطفی کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھول رکھے۔

ترک لینڈ فورسز کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، وزیر دفاع و کمانڈر ترک لینڈ فورسز نے آرمی چیف کو پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں لیجن آف میرٹ سے نوازا ۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا پاکستان ،ترکیہ کے درمیان تعلقات مضبوط و برادرانہ ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے، پاک فوج ترکیہ کی بری افواج کو متعدد شعبوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کےلئے ہمیشہ تیار ہے،آرمی چیف نے کہاپاکستان مصیبت و خوشی کے لمحات میں ہمیشہ اپنے ترک بھائیوں کےساتھ کھڑا رہا ، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتا رہے گا۔