سائفر کیس،عمران کیخلاف 26 ستمبر تک چالان جمع کرانے کا حکم

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سائفرکیس میں عمران،قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع، آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف26ستمبر تک چالان جمع کرانے کا حکم دےدیا۔

خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اٹک جیل میں سائفر کیس پر سماعت کی اور چیئرمین پی ٹی آئی ،شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی،عدالت نے 26ستمبر تک چالان جمع کرانے کاحکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے جیل میں ہونےوالی سماعت میں عدالت کے سامنے کوئی شکایت نہیں کی،جیل حالات کو تسلی بخش قرار دیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ہتھکڑی لگا کرجوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پہنچایا گیا،عدالت پہنچنے پر عملے نے شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا جج صاحب سماعت کےلئے جیل گئے ہیں، جج سے پوچھ لیتے ہیں اگر انہوں نے اجازت دی تو آپ کو حاضری لگا کر واپس بھیج دیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے استفسار کیا جیل میں کیا ہے؟ میری ضمانت کے کیس کا کیا ہوا؟، عدالتی عملے نے بتایا جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کے کیس کی سماعت ہے، آپ کی ضمانت درخواست پر سماعت صبح ہے۔

بعدازاں جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس کی سماعت کا4 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا،عدالت نے تفصیلی فیصلے میں کہا وزارت قانون نے چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف اٹک جیل میں سماعت مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا،سیکرٹ ایکٹ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سے اٹک جیل حکام کے روئیے پر سوال کیا،سابق وزیراعظم نے جیل حکام کے روئیے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

عدالت نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی نے اٹک جیل میں خود کے محفوظ ہونے کا بھی بتایا۔

دوسری جانب صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاموت برحق جہاں قید ہوں چند قدم دور پھانسی گھاٹ ہے، اعتماد سے کہتا ہوں ملک کا وفادار ہوں اگر ملک سے غداری کی ہے تو پھانسی گھاٹ پر لٹکا دیا جائے قبول کروں گا،پی ٹی آئی چیئرمین ایک ہی تھے اور ہیں، کوئی ابہام نہیں، میں نے ملکی مفادات کو اولیت دی، ملک معاشی و آئینی بحران کا شکار ہے ،حل شفاف انتخابات ہیں۔

سابق وزیرخارجہ نے مزید کہاذاتی انا سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا، ملک مشکل میں ہے، اپنے رویوں پر سب کو نظرثانی کرنا ہوگی۔