برطانیہ میں ہر تیسری خاتون سرجن کو جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کا انکشاف

لندن (مشرق نیوز) برطانیہ میں ایک تحقیق کے چونکا دینے والے نتائج سامنے آئے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ تقریبا ایک تہائی خواتین سرجنوں کو گذشتہ پانچ سال میں ساتھیوں نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق اس تحقیق میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں جراحی کے ماحول میں جنسی ہراسانی اور حملہ عام ہوسکتا ہے۔ خواتین سرجنوں کی طرف سے عصمت دری کے واقعات رپورٹ کیے جاتے ہیں۔برطانیہ میں جراحی کے شعبوں میں کام کرنیوالے ڈاکٹروں کے ایک گمنام آن لائن سروے کے 1,400 سے زیادہ جوابات کا تجزیہ کرتے ہوئے اس تحقیق کے نتائج جاری کیے گئے ہیں۔نتائج سے پتہ چلا کہ 29.9 فیصد خواتین نے پچھلے پانچ سالوں کے دوران اپنے ساتھی کے ذریعے جنسی زیادتی کی اطلاع دی۔ مردوں میں شکایت کرنے کی شرح 6.9 فیصد ہے۔سروے میں شامل 63.3 فیصد خواتین نے کہا کہ انہیں ساتھیوں کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیا گیا، جبکہ مردوں میں یہ شرح 23.7 فیصد تھی۔تحقیق میں کہا گیا ہے کہ یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ جراحی سے متعلق افرادی قوت میں خواتین اور مرد ایک مختلف حقیقت میں رہتے ہیں۔