چینی، کھاد اورگندم سمگلنگ میں سرکاری اہلکار ملوث ،رپورٹ وزیراعظم کو پیش

اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، پشاور (بیورو رپورٹ+ خبرنگار+ کرائم رپورٹر+ سپیشل رپورٹر) اشیا سمگلنگ میں سرکاری اہلکار ملوث، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) نے کرنسی و تیل کے بعد اب چینی، کھاد اورگندم سمگلنگ کی رپورٹ بھی وزیراعظم سیکرٹریٹ میں جمع کرادی۔ گندم، کھاد، چینی کے سمگلرز و سرکاری اہلکاروں کی تفصیلات بھی رپورٹ کاحصہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق گندم سمگلنگ میں ملوث 592 ذخیرہ اندوزں کی نشاندہی کی گئی، 26 سمگلرز شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا گزشتہ سال آئی بی نے 417 رپورٹس متعلقہ محکموں کو بھجوائیں، حساس ادارے کی نشاندہی پر 90147 میٹرک ٹن ذخیرہ شدہ و سمگل ہونےوالی گندم قبضے میں لی گئی۔

رپورٹ میں سمگلرزکی مدد کرنےوالے اہلکاروں کی نشاندہی کی گئی، صوبائی حکومتوں میں تعینات اہلکار سمگلرز، ذخیرہ اندوزں کو مدد فراہم کرتے ہیں۔ پنجاب 272، سندھ 244، کے پی 56، بلوچستان 15 اور اسلام آباد میں 5 سرکاری اہلکار سمگلرز کے مددگار ہیں۔

دوسری جانب بجلی چوروں کیخلاف ملک گیر کریک ڈاون مزید تیز کردیا گیا۔ سیکرٹری پاور راشد لنگڑیال نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا 7 سے 12 ستمبر تک 369 بجلی چور گرفتار کرلئے، 2380 مقدمات درج کئے گئے، 6215 کیس پکڑے جاچکے، مجموعی طور پر بجلی چوروں کو 44 کروڑ 10 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔

راشد لنگڑیال نے کہا جرمانے کی مد میں کروڑوں روپے کی ریکوری کرلی ۔

جبکہ نگران حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا۔ پاور ڈویژن کے مطابق پاور کمپنیوں کے موجودہ بورڈز میں سیاسی و نان ٹیکنیکل لوگ شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق تجویز دی گئی بورڈز میں ٹیکنیکل، اہل و غیر سیاسی افراد شامل کئے جائیں۔

بورڈز آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو سے کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ملک بھر میں بجلی چوروں کےخلاف کارروائیاں بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ادھر لیسکو ترجمان کی جانب سے جاریکردہ اعلامیہ کے مطابق لیسکو میں چھٹے روز آپریشن کے دوران تمام سرکل میں 205 کنکشن بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کردیں، 105 ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہوچکیں، ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا گیا، کنکشن منقطع کرکے ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔

چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق بجلی چوروں کےساتھ ساتھ نادہندگان کےخلاف بھی کارروائیاں تیز کردیں۔ ڈیڈ ڈیفالٹرز سے واجبات وصولیوں کی ذمہ داری تحصیلداروں کو سونپ دی گئی، 4 سینئر افسر معاونت کریں گے، کمشنر لاہورکی جانب سے تحصیلداروں کو تحصیلدار ریکوری کا ایڈیشنل چارج دےدیا گیا۔

دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے لاہور، پشاور میں حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنےوالے افراد کےخلاف کریک ڈاون کے دوران بھاری مقدار میں ملکی غیرملکی کرنسی برآمد کرلی۔ ایف آئی اے آفس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر سرفراز ورک نے کہا 3 افراد کو پکڑا، 6 کروڑ 81 لاکھ مالیت کی مقامی و ڈیڑھ کروڑ سے زائد غیرملکی کرنسی برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزموں میں مظہر شفقت، ذیشان سلمان شامل ہیں جبکہ اصل ملزم اظہر شفقت کی گرفتاری کےلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جلد گرفتار کرلیں گے۔

خیبرپختونخوا میں ایف آئی اے نے مختلف شہروں سے افغان شہری سمیت 6 ملزموںکو گرفتار کر کے بھاری رقم برآمد کرلی۔ حکام کے مطابق مقامی و غیرملکی کرنسیوں کے کارروبار کےخلاف کریک ڈاﺅن بنوں، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت اور ایبٹ آباد میں کیا گیا۔ ملزموں سے پاکستانی کرنسی 863000، قطری ریال 1090، سعودی ریال 500 اورامریکی ڈالر 300 کے علاوہ ہنڈی والی رسیدیں و رقم منتقلی میں استعمال ہونیوالے موبائل فونز برآمد کر لئے۔

مزید برآں اسلام آباد میں غیرقانونی منی ایکسچینج نے مختلف بینکوں سے گٹھ جوڑ بنالیا، ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے 78 بینکرز اور کیشئرز گٹھ جوڑ میں ملوث ہیں، بینکرز نے غیرقانونی دھندا کرنیوالوں سے ملکر لاکرز بنا رکھے ہیں۔ لاکرز میں کروڑوں ڈالرز رکھے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ایف آئی اے و دیگر اداروں نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا، ذرائع کے مطابق کئی لاکرز، نجی شاپنگ مال کے اپارٹمنٹ کو سیل کر دیا گیا۔