اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ نے چینی کی قیمت کے تعین سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کو کیس کا فیصلہ جلد کرنے کا حکم دےدیا۔ جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کو حکم دیا کہ 30 ستمبر سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے چینی کی قیمتوں کے کیس کا فیصلہ کرے۔ دورانِ سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمٰن نے کہا کہ سپریم کورٹ نے چینی کی قیمتوں کے تعین پر حکمِ امتناع دیا تھا، ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ ہے کہ چینی کی قیمتوں کا تعین وفاق کا اختیار ہے، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کسی نے چیلنج نہیں کیا۔
جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ میں ابھی معاملہ زیرالتوا ہے تو اس پر فیصلہ کیسے کر دیں؟ پہلے لاہور ہائیکورٹ کو اس معاملے پر فیصلہ کرنے دیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن نے کہا کہ چینی کی قیمت 98 روپے مقرر ہے جبکہ شوگر ملز مالکان 200 روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ اگر قیمتوں کے مقرر کرنے کا قانون کالعدم ہو جاتا ہے تو معاملہ ہی ختم ہو جائیگا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمٰن نے کہا کہ شوگر ملز والے نہ پنجاب حکومت کی مقررہ قیمتوں کو تسلیم کرتے ہیں نہ وفاق کی۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کو حکم دے رہے ہیں کہ 13 ستمبر سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے فیصلہ کرے۔ اس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے چینی کی قیمت کے تعین سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کو کیس کا فیصلہ جلد کرنے کا حکم دےدیا۔بعدازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔
شوگر ملز مالکان نے چینی کی قیمتوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے حکومت کی چینی کی مقررہ قیمتوں کو معطل کر دیا تھا۔ وفاقی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
سپریم کورٹ، چینی کی قیمت کا تعین، عدالت عالیہ کو جلد فیصلہ کرنے کا حکم

















