ہمیں قائد اعظمؒ کے اصولوں ایمان، اتحاد ،تنظیم پر عمل کرنا ہوگا:گورنر پنجاب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے بابائے قوم قائد اعظم کی 75ویں برسی کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی،خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے مہمانوں کی کتاب اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔ دریں اثنا،گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے بابائے قوم قائد اعظم کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒنے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ شناخت دی۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒکی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے اسلاف نے بے انتہا قربانیوں اور جدوجہد کے بعد علیحدہ وطن حاصل کیا۔ گورنر پنجاب نے کہاقائداعظم کے فرمودات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی قوم قائد اعظم کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے بتائے گئے رہنما اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل کریں ۔