ملکی مسائل کی سب سے بڑی وجہ لیڈرشپ کا نہ ہونا ہے: جنرل (ر)عبدالقیوم ملک

لاہور (کامرس رپورٹر) صدر پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی ، چیئرمین پاک چائنا ٹریڈ اور صدر پاکستان یوتھ کونسل لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقیوم ملک نے کہا ہے کہ اگرچہ پاکستان کو لیڈرشپ کے فقدان کا سامنا رہا ہے ، اس کے باوجود پاکستان دنیا کے نقشے پر سب سے اچھا ملک ہے، یہ اپنے وسائل اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاکر تیزی سے ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہوسکتا ہے۔تاجر و صنعتکار ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ چیئرمین پیاف فہیم الرحمان سہگل کی دعوت پر پیاف ہیڈ آفس میں پیاف ایگزیکٹو کمیٹی سے خطاب کر رہے تھے ، دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک میں ایسوسی ایشنز اورچیمبرز کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ چین کی ترقی کا راز ان کے اکنامک زونز ہیںجس کی وجہ سے وہ 70کروڑ آبادی کو غربت کی لکیر سے نکال لائے ہیں۔ اس وقت ہمارا سب سے بڑا مسئلہ بیلنس آف پیمنٹ کا ہے۔ ہماری بنیادی انڈسٹری زراعت ہے پاکستان 23ملین کاٹن بیلز کی پیداواری صلاحیت رکھنے کے باوجود آٹھ ملین بیلز پیدا کررہا ہے۔ ہماری چھ ٹریلین ڈالر کی مائننگ کپیسٹی ہے جسے ہم استعمال نہیں کرپارہے۔ ڈیفنس پروڈکشن دنیا میں سب سے زیادہ فارن ایکسچینج کمانے کا ذریعہ ہے۔ اس وقت ہم بہترین جہاز اور اسلحہ بنانے کی انڈسٹری کے حامل ہیں۔ اس کے علاوہ سیاحت کے شعبے میں بھی ہم کثیر زرمبادلہ کماسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک میں 90لاکھ پاکستانی موجود ہیں، اگر انہیں ٹیکنیکل صلاحیتوں سے مالامال کرکے بھیجا جاتا تو ہماری ترسیلات دوگنا ہوجاتیں۔ کوئی بھی ملک قدرتی وسائل کی وجہ سے ترقی نہیں کرتا بلکہ نالج اکانومی کی وجہ سے ترقی کرتا ہے۔ چیئرمین پیاف فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ معاشی دہشت گردوں کے خلاف سپہ سالار فوج کے اقدامات قابل تحسین ہیں ، ملک بھر کی بزنس کمیونٹی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ ہمیں اس وقت معیشت ، معاشرت اور جیوپولیٹکس سمیت شدید اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے ۔ فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ حکومتوں کی تبدیلی کا اثر معاشی پالیسیوں کے تسلسل پر نہیں پڑنا چاہیے، تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے معاشی پالیسیوں کو حتمی شکل دی جائے اور سیاسی رہنماﺅںکے اثر و رسوخ یا مداخلت کے بغیر ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ جب تک یہ معاشی پالیسیاں پاکستان کو معاشی طور پر خود مختار اور خود انحصار بنانے کا کام کر رہی ہیں، ہم سب کو اس کے مطابق کام کرنا چاہیے اور کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں ہونی چاہئے کہ معیشت کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرے۔سیئنر نائب صدر لاہور چیمبر ظفر محمود چودھری نے کہا کہ لاہور چیمبر نے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے چارٹر آف اکانومی کا مسودہ تیار کیا ہے جسے سیاسی جماعتوں کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے، اس کا مقصد ملک میں معاشی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔ چارٹر آف اکانومی میں ٹیکسیشن سسٹم، مانیٹری پالیسی، تجارتی پالیسی، اندرونی اور بیرونی قرضے، کاروباری لاگت اور انرجی مکس وغیرہ کے معاملات کا احاطہ کرنے کی ضرورت ہے۔