اے ایس آئی ذوالقرنین جیسے بہادر اہلکار پوری پولیس فورس کیلئے روشن مثال ہیں:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کے بچوں کی ملک کے اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم و تربیت پنجاب پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے اس لئے ویلفیئر فنڈ سے پولیس ملازمین کے بچوں کے گذشتہ برسوں کے تمام زیر التوا تعلیمی سکالرشپس کے تمام کیسز نمٹائے جا چکے ہیں جبکہ کانسٹیبلری، دفتری عملے اور شہداءکے بچوں کیلئے فارن سکالرشپ کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس اپنے ویلفیئر فنڈ کو فورس کے بچوں کی تعلیم پر پہلے سے زیادہ خرچ کررہی ہے اور مستقبل میں اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیم اور ویمن امپاورمنٹ کے حوالے سے اے ایس آئی ذوالقرنین حیدر کے ساتھ خصوصی ویڈیو پیغام میں کہاکہ اے ایس آئی ذوالقرنین حیدر نے مشکل ڈیوٹی اور سخت معاشی حالات کو بچوں کی تعلیم کے آڑے نہ آنے دیا۔آئی جی پنجاب نے سخت محنت و لگن سے پانچ بیٹیوں کو ڈاکٹر اور دیگر اعلی ڈگریاں دلوانے والے اے ایس آئی ذوالقرنین حیدر اور اسکے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ذوالقرنین حیدر کی بڑی بیٹی نے ایم بی بی ایس کرکے والدین کے خواب کو پورا کیا، دیگر بیٹیاں میڈیکل، انجینئرنگ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہی ہیں، پانچ بہنوں کا سب سے چھوٹا بھائی پری میڈیکل میں ایف ایس سی کر رہا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ذوالقرنین حیدر جیسے اہلکار اپنے عزم و ہمت سے پوری فورس کیلئے روشن مثال ہیں۔ آئی جی پنجاب نے اے ایس آئی ذوالقرنین کی اہلیہ اور والد کو بھی انکے عزم و ہمت پر سلام و خراج تحسین پیش کیا۔دریں اثناء کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس میں غازی کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں لاہور سمیت مختلف اضلاع، یونٹس اور فیلڈ فارمیشنز سے بھجوائے گئے کیسز کا جائزہ لیا گیا اور کمیٹی نے20 افسران و اہلکاروں کو غازی قرار دینے کی سفارش کی، کمیٹی کی سفارشات پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مذکورہ افسران وا ہلکاروں کو غازی قرار دینے کی حتمی منظوری دےدی۔ دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور نے راولپنڈی میں دو گروپوں کے تصادم میں 04 افراد کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی پی او راولپنڈی کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہا کہ سپروائزری افسران مقتولین کے لواحقین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور انصاف کی جلد از جلد فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔