گلگت بلتستان سے باہر گندم کی ترسیل پر مکمل پابندی

اسلام آباد(بیورورپورٹ) حکومت گلگت بلتستان نے صوبے سے باہر گندم کی ترسیل پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے،اقدام کا مقصد گلگت بلتستان کے عوام کو سبسڈی کی مد میں فراہم کی جانے والی گندم کی شفاف تقسیم یقینی بنانا اور سمگلنگ کے ذریعے گندم کا بحران پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانا ہے،گلگت بلتستان سے باہر گندم کی غیر قانونی ترسیل روکنے کےلئے داخلی و خارجی راستوں بشمول تھور، بابوسر اور غذر میں واقع چیک پوسٹس پر پولیس اہلکاروں کو گندم کی غیر قانونی سمگلنگ کرنے والوں کےخلاف گرینڈ آپریشن کی تیاری کےلئے ناکہ بندی و چیکنگ کےلئے جامع حکمت عملی بنانے کےلئے محکمہ پولیس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں،سمگلنگ میں ملوث عناصر کےخلاف قانون کے مطابق سخت تادیبی کارروائی عمل میں لانے کےلئے محکمہ خوراک کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اشتراک سے کریک ڈاون کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے،سیکرٹری خوارک کو ٹارگٹڈ سبسڈی اور گندم کی منصفانہ تقسیم کےلئے جامع سفارشات تیار کرنے کے بھی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں،صوبائی حکومت نے عوام سے بھی اپیل کی ہے وہ گندم کی غیر قانونی ترسیل اور ذخیرہ اندوزی میں شامل عناصر کی نشاندہی کریں اور حکومت کو بروقت مطلع کر دیں تاکہ گلگت بلتستان میں گندم کا بحران درپیش نہ ہو، سیکرٹری سبسڈی کی مد میں فراہم کیے جانے والے گندم کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔