حکومت کابڑا اقدام،افغان سرحدی علاقے کو سمگلرز کیلئے سیل کرنے کا عمل شروع

اسلام آباد،لاہور( بیورورپورٹ،سپیشل رپورٹر)وفاقی حکومت کابڑا اقدام،افغان سرحدی علاقے کو سمگلرز کےلئے سیل کرنے کا عمل شروع کر دیا،ملک بھر سے ٹیمیں کوئٹہ پہنچ گئیں۔

ایف بی آر نے لاہور، کراچی، سرگودھا، فیصل آباد، اسلام آباد کے 20انسپکٹرز اور مختلف شہروں سے 43کسٹمز سپاہیوں کا کوئٹہ تبادلہ کردیا،ایف بی آر کی تاریخ میں پہلی بار ایسا بڑا اقدام کیا گیا ۔

دوسری جانب نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں پاک فوج، ایف سی بلوچستان، اینٹی نارکوٹکس فورس، لیویز و دیگر قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو انسداد منشیات کے مشترکہ آپریشن پر مبارکباددیتے ہوئے کہاپاکستان کو ڈرگ فری ملک بنانے کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہو گا، منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والوں سے کسی صورت نرمی نہیں برتی جائےگی۔

سرفراز بگٹی نے کہاپاکستان کے روشن مستقبل کیلئے آنےوالی نسلوں کونشے کی لعنت سے بچانا ہو گا۔