بجلی بلوں پر ریلیف کافیصلہ پیرتک ہوجائےگا، کوئی بحران نہیں،وفاقی وزرا

اسلام آباد(بیورورپورٹ)نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے خصوصی سرمایہ کاری کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری بڑھانا ہے، نجکاری، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ری سٹرکچرنگ، گردشی قرض کم کرنا ایجنڈے میں شامل تھا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا ملک میں ڈالر ، چینی وپٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ پر بات ہوئی، عالمی معاہدوں کو جاری رکھیں گے،نگراں وزیر اطلاعات نے کہا سمگلنگ کی روک تھام پر کام کیا جا رہا ہے، ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، حکومتی اخراجات میں کمی،غیر ملکی سرمایہ کاروں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائیں گے۔

نگران وزیر توانائی ایم علی نے کہا بجلی کی قیمت کنٹرول کرنے پر تفصیلی غور ہوا ، امید ہے بلوں میں ریلیف کیلئے تجاویز آئی ایم ایف کو بھیج دیں،معاملے پر پیر تک فیصلہ ہو جائے گا،ایم علی نے کہاگیس سیکٹر میں سالانہ ساڑھے 300 ارب کا نقصان ہو رہا ہے، تیل و گیس کی تلاش کےلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

انڈسٹری چلانے کےلئے گیس کی دستیابی ضروری ہے،ڈسکوز کو بیچنے یا پرائیوٹائزیشن پر بھی بات ہوئی ، لائن لاسز کو کم کرنے پر کام کیا جا رہا ہے، ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری لانے پر بھی کام جاری ہے۔

نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہاچینی کے وافر سٹاک موجود ہیں، ملک میں کسی چیز کا بحران نہیں، آئندہ کرشنگ سیزن تک چینی موجود ہے،صنعتیں بند ہونے سے چیزیں مہنگی ہوئیں، سپلائی چین میں مسائل کی وجہ سے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا، معیشت کی بہتری کےلئے برآمدات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، انڈسٹری کو پرائیویٹائز کرنا پڑے گا تاکہ ملک کا پہیہ چلے، صنعت چلے گی تو ملک کا پہیہ چلے گا اور کاروبار بڑھے گا۔

گوہر اعجاز نے کہا 2022 میں پاکستان کی ریکارڈ 78 ارب ڈالر کی درآمدات جبکہ 32 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں، برآمدات بڑھنے سے ہی مہنگائی میں کمی آئے گی، برآمدات کی صنعت چلے تو ڈالر 300 روپے سے 250 روپے تک آ سکتا ہے، سمگلنگ سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے ،کنٹرول کرنا ہوگا ،اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا معاشی بحالی کےلئے کوشش کر رہے ہیں،اصلاحات ناگزیر ہیں، عام شہری کو معاشی طور پر خود مختار بنانا ترجیح ہے،روپے کی قدر میں کمی غیر متوقع نہیں، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا اگلا ریویو نومبر میں ہوگا۔

شمشاد اختر نے کہا ورلڈ بینک کے قرضوں پر فاسٹ ٹریک لے لیں تو وصولی ممکن ہے، توقع ہے 6 ارب ڈالر کا زر مبادلہ ملک میں آئے گا،تمام نگراں وزرا ایک ٹیم بن کر کام کر رہے ہیں، بطور ٹیم کام کریں گے،کابینہ کی کمیٹیاں فعال ہوگئیں۔

نگران وزیرخزانہ نے مزید کہاملکی معیشت کی ترقی کےلئے مخلصانہ کوشش کر رہے ہیں،معیشت کو بحال کرنا ہے، درآمدات پر پابندیوں کو ختم کرنا ہوگا، ملک میں سمگلنگ کے سائز کا اندازہ نہیں، کرنسی و اشیا کی سمگلنگ کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اقدامات کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔