قلیل مدت کیلئے حکومت ملنے کے باوجود معاشی بحالی منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنائینگے،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ملک کی معاشی بحالی، کاروباری سرگرمیوں و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی نے عملی اقدامات کی منظور ی دےدی۔

اجلاس میںآرمی چیف، عبوری وفاقی کابینہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی،وفاقی وزرا نے متعلقہ شعبوں ،سمگلنگ کےخلاف کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور ملک میں مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے سدباب کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں معاشی و انتظامی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور معاشی ترقی کیلئے روڈ میپ وضع کیا گیا جبکہ ریگولیشن کو موثر و تیز بنانے کے جامع پلان پر بھی بریفنگ دی گئی،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے قلیل، وسط اور طویل مدتی منصوبہ بندی پر مشاورت ہوئی،اس موقع پر وزیر اعظم نے عملی اقدامات کی منظوری دی اور معینہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

انوار الحق کاکڑ نے مستقبل کی حکومت کی مضبوط بنیاد رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہاوزارتیں عبوری حکومت کے پاس دستیاب وقت میں بہترین نتائج فراہم کریں،اقدامات پر عمل یقینی بنائیں، قلیل مدت کیلئے حکومت ملنے کے باوجود معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے،اقدامات کے نفاذ سے آئندہ منتخب حکومت کو بھی معیشت کی بحالی کے پروگرام پر عملدرآمد میں آسانی ہوگی۔