افغان سفارتخانے کے سربراہ کی طلبی،پاکستان کاچترال حملے پر شدید احتجاج

اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاکستان نے چترال حملے پر افغانستان کوسفارتی سطح پر شدید احتجاج ریکارڈ کرادیا ،ذرائع کے مطابق پاکستان نے افغان سفارتخانے کے سربراہ کو دفترخارجہ طلب کیا اور احتجاجی مراسلہ تھمایا۔


قبل ازیںاسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا پاکستان کو افغانستان میں دستیاب جدید ہتھیاروں پر تشویش ہے، افغانستان میں جدید ہتھیار دہشتگردوں کے ہاتھ لگ گئے اور ہتھیاروں سے پاکستان ،سکیورٹی اداروں پر حملے کیے جارہے ہیں،کسی کو بھی مورد الزام نہیں ٹھہراتے، افغانستان میں چھوڑا جانے والا اسلحہ عالمی توجہ کا متقاضی ہے۔

ترجمان نے کہا یقین رکھتے ہیں پاکستان ،افغانستان کے درمیان سرحد امن کی سرحد ہونی چاہیے اگر پاکستان کی طرف سے سرحد بندکی گئی ہے توجہ سکیورٹی کی سنگین صورتحال ہے، افغان حکومت سے مذاکرات کررہے ہیں، پاک روس تعلقات پر ترجمان نے کہا پاکستان ،روس کے درمیان اہم تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان متعدد وفود کا تبادلہ بھی ہوا،ملکی اقتصادی صورتحال پر تبصرہ نہیں کر سکتے،بھارتی قیادت پاکستان پر تبصروں کی بجائے اپنے چیلنجزپرتوجہ دے اورغیر ضروری بیانات کا سلسلہ ختم کرے،بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے جی 20 ممالک کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرائی ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے جی 20 ممالک کو خط لکھ کر آگاہ کیا ۔

ممتاز زہر ہ بلوچ نے کہاسکیورٹی ادارے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کےلئے پرعزم ہیں،نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی 12 سے 15 ستمبر کو لندن میں کامن ویلتھ یوتھ وزارتی کانفرنس کی صدارت کریں گے۔