کالاش میں 2 چوکیوں پر حملہ پسپا، 4 جوان شہید، 12 دہشتگرد جہنم واصل

راولپنڈی،شوال،ڈی آئی خان (بیورورپورٹ)کالاش میں 2 چوکیوں پر حملہ پسپا، 4 جوان شہید،جوابی کارروائی میں 12 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے بڑے گروپ نے ضلع چترال کے علاقے کالاش میں 2 چوکیوں پر حملہ کیا، بہادر جوانوں نے موثر جواب دیا جس کے باعث دہشتگردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا،جوابی کارروائی میں 12 دہشتگرد جہنم واصل ،بہت زیادہ تعداد میں زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان وطن پر قربان ہوگئے، افغان صوبوں کنڑ ،نورستان کے علاقوں گاوردیش، پیتگل، برغ میتل اور بٹش میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی، عبوری افغان حکومت کو آگا ہ کردیا۔

آئی ایس پی آر نے کہاامید ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، افغان حکومت دہشتگردوں کو اپنی سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال کرنے سے روکے ،مسلح افواج دہشتگردی کے خاتمے کےلئے پرعزم ہیں، جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کےخلاف عزم کو اور مضبوط بناتی ہیں۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقے شوال کے بازار میں گاڑی کے قریب دھماکے اور فائرنگ سے مزدور جاں بحق ،25 افراد زخمی ہوگئے،پولیس کے مطابق متاثرہ افراد چلغوزے کے فارم میں مزدوری کرتے تھے،تحقیقات شروع کردیں۔

ادھر شمالی وزیرستان میں گھر پر گولہ گرنے سے ایک خاندان کے 5 افراد جاں بحق ،2 زخمی ہوگئے،افسوسناک واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں پیش آیا، مارٹر گولہ نامعلوم سمت سے گھر پر گرا ،جاں بحق ہونےوالوں میں خاتون اور 4 بچے شامل ہیں۔

مزید برآں ڈی آئی خان میں شادی میں ہوائی فائرنگ سے نکاح خواں سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔