سویڈن میں بے حرمتی کا ایک اور واقعہ،ہنگامہ آرائی پر 2 افراد گرفتار
سٹاک ہوم (مشرق نیوز) سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کا ایک اور واقعہ رونما ہوا ہے۔اس مرتبہ بھی دریدہ دہن عراقی پناہ گزین نے مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کی ہے اوراس کے مقدس اوراق نذرآتش کیے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سویڈش پولیس نے قرآن مجید جلانے کے خلاف احتجاج کے دوران میں پرتشدد ہنگامہ آرائی پر دو افراد کو گرفتار کیا ہے اور قریباً 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔قرآن مجید کی بے حرمتی کے اس مظاہرے کا اہتمام عراقی پناہ گزین سلوان مومیکا نے کیا تھا۔اس دریدہ دہن شخص کی حرکت کے خلاف ایک مرتبہ پھر عالم اسلام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔اس مرتبہ اس نے سویڈن کے جنوبی شہر مالمو کے ایک چوک کا احتجاجی مظاہرے کے لیے انتخاب کیا تھا۔اس شہر میں تارکینِ وطن کی ایک بڑی آبادی ہے۔سرکاری نشریاتی ادارے ایس وی ٹی کے مطابق قریباً 200 افراد نے اسے دیکھنے کیلئے شرکت کی تھی۔پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ مظاہرے کے منتظم کی جانب سے تحریری مواد کو نذرآتش کئے جانے کے بعد کچھ عینی شاہدین نے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔


















