تقرروتبادلوں میں مداخلت انتظامی اختیار میں دخل اندازی ہے،سپریم کورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے تقرروتبادلوں میں مداخلت کو انتظامیہ کے اختیار میں دخل اندازی قراردےدیا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے بلوچستان سروس ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم کرتے ہوئے 3 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا ،فیصلہ بنچ کے رکن جسٹس اطہر من اللہ نے تحریر کیا ۔

فیصلے میں کہا گیا ملازمت کی ضرورت پوری کرنے کیلئے کسی سرکاری اہلکار کا ایک جگہ سے دوسری جگہ تبادلہ کرنا انتظامیہ کی متعلقہ اتھارٹیز کا اختیار ہے ،ماسوائے غیرمعمولی حالات کے عمل میں مداخلت کرنا درست نہیں تاوقتیکہ ملازمت کی شرائط و ضوابط متاثر نہ ہوئی ہوں۔

سپریم کورٹ نے کہااپنی پسند کی جگہ پر تقرر یا تبادلے یا ملازمت جاری رکھنے کا مطالبہ کرنا سرکاری ملازم کا غیرمشروط حق نہیں ، تقرر و تبادلہ مخصوص عرصہ ملازمت یا متعلقہ اتھارٹی کی خوشنودی پر منحصر ہے، تقرر و تبادلے کے فیصلے جوڈیشل سکروٹنی میں ہرگز نہیں آنے چاہئیں تاوقتیکہ کسی قانون کی صریحاً خلاف ورزی یا بدنیتی ثابت ہوئی ہو۔

دریں اثناشیخوپورہ میں اکبر نامی شہری کے قتل کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے ملزم سانول یوسف کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا،دوران سماعت جسٹس مظاہر علی نقوی نے ناقص تفتیش پر آر پی او ،ڈی پی او شیخو پورہ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا پولیس کی ناقص تفتیش لوگوں کےلئے مسائل پیدا کر رہی ہے، پولیس اپنی ذمے داری پوری نہیں کر رہی، پولیس نے مرضی نہیں، قانون کے مطابق تفتیش کرنی ہوتی ہے، قتل کا مقدمہ ہے کسی کی جان لی گئی ،آر پی او بابر سرفراز نے کہاناقص تفتیش پر تفتیشی سے وضاحت مانگ لی۔

،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا تفتیشی نے ملزم کے بیان پر کیسے بےگناہ کردیا، جسٹس مظاہر علی نقوی نے آئی او عارف سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا ملزم کو بےگناہ کس کے کہنے پر کیا، تفتیشی افسر نے جواب دیا ڈی ایس پی فیروز والہ میاں شفقت کے کہنے پر رپورٹ لکھی۔