اسلام آباد (مشرق نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عدالتی نظام کے ”لاڈلے“ کو باہر جانے کی کیا ضرورت ہے؟ اپنے بیان میں انکا کہنا تھا کہ عالمی عدالت انصاف جانے کا مطلب پاکستان کو عالمی کٹہرے میں مجرم بنا کر کھڑا کرنا ہے۔
(ن) لیگی رہنما نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی عدالت لے جانے سے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے غاصبوں کو خوشی ہوئی، کٹھ پتلی کو پاکستان کی عالمی بدنامی کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی پر یہ پیسہ کون خرچ کر رہا ہے؟ انکا کہنا ہے کہ یہ مکروہ کام صرف ملک دشمن اور ان کے کارندے کرتے ہیں۔
دہشت گردوں کو پاکستان واپس لانے، رہا کرانے اور آباد کرانے والے اب انہیں نیا راستہ دکھا رہے ہیں۔ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جن کا بندہ ہے وہ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، پہلے ہیرو بنایا، فارن فنڈنگ، اقتدار دلایا اور اقتدار میں لا کر پاکستان کی معیشت اور خارجہ تعلقات تباہ کئے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مہنگائی سے خانہ جنگی کی راہ ہموار کی گئی، نوجوانوں کے ذہن میں بارود بھرا تاکہ وہ حملہ آور جتھے بن جائیں۔
عدالتی نظام کے ”لاڈلے“ کو باہر جانے کی کیا ضرورت ہے؟ رانا ثنا اللہ

















