لاہور ہائیکورٹ کا سخت حکم نظرانداز، پرویز الٰہی رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار

لاہور (کورٹ رپورٹر+ خبرنگار+ کرائم رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کا سخت حکم نظرانداز، اسلام آباد پولیس نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد پرویز الٰہی کو پنجاب پولیس افسر سکیورٹی حصار میںگھر چھوڑنے جارہے تھے، کینال روڈ پر مبینہ طور پر سادہ کپڑوں میں ملبوس اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں نے گاڑی کو روک لیا، دروازے کھلوانے کی کوشش کی گئی، کچھ دیر کی مزاحمت کے بعد گاڑی کے دروازے کھول دئیے گئے، اہلکاروں نے سردار لطیف کھوسہ کو گاڑی سے نیچے اتار دیا اور پرویز الٰہی کو بازﺅوں، ٹانگوں سے اٹھا کر سفید رنگ کی بغیر نمبر پلیٹ گاڑی میں بٹھا کر ساتھ لے گئے۔

ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی کو 3 ایم پی او کے تحت اسلام آباد پولیس نے ظہور الٰہی روڈ سے گرفتار کیا اور اڈیالہ جیل میں نظربند کردیا۔

سابق وزیراعلیٰ کو گرفتار کرنے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے پرویز الٰہی کی گرفتاری کے وقت لطیف کھوسہ بھی گاڑی میں سوار تھے، ماسک لگائے افراد نے لطیف کھوسہ کو زبردستی گاڑی سے باہر نکالا، پرویز الٰہی کو ہاتھوں پر اٹھا کر گاڑی میں منتقل کیا، اسلام آباد لے جانےوالی سفید رنگ کی گاڑی بغیر نمبر پلیٹ کے تھی۔

لاہور پولیس کے افسروں یا اہلکاروں کی طرف سے کوئی مزاحمت نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی دوبارہ گرفتاری کے معاملے پر نیب اور پولیس اہلکار لڑ پڑے، دونوں جانب سے ایک دوسرے کو دھکے دئیے گئے۔

نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو دوبارہ گرفتار کرنے سے انکار کردیا، پولیس افسر پرویز الٰہی کی دوبارہ گرفتاری کیلئے نیب ٹیم کی منت سماجت کرتے رہے۔ اس موقع پر نیب کی جانب سے انکار پر پولیس اور نیب اہلکار آپس میں گتھم گتھا ہوگئے، نیب افسر نے کہا پولیس کی وجہ سے گالیاں نہیں سن سکتے، بعدازاں افسر کی ہدایت پر نیب ٹیم کے افسر و اہلکار لاہور ہائیکورٹ سے چلے گئے۔

قبل ازیں جسٹس امجد رفیق نے پرویز الٰہی کی نیب میں گرفتاری کےخلاف دائر درخواست پر سماعت کی، نیب کی جانب سے پرویز الٰہی کو عدالتی حکم پر 11.50 منٹ پر عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے فوری عبوری ریلیف دیتے ہوئے پرویز الٰہی کو نیب تحویل سے رہا کرنے کا حکم دیا۔

سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا بتائیے پرویز الٰہی کدھر ہیں، کیوں عدالت پیش نہیں کیا گیا؟ وکیل پنجاب حکومت غلام سرور نہنگ نے موقف اختیار کیا نیب نے پنجاب حکومت کو سکیورٹی کےلئے خطوط لکھے، گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نہیں ملا، عدالت نے باور کرایا تحریری حکم جاری ہوچکا تھا اسکا مطلب ہے آپ نے پرویز الٰہی کو پیش نہیں کرنا، نیب پراسیکیوٹر نے کہا پرویز الٰہی کو پیش کرنے کےلئے تیار ہیں لیکن پرویز الٰہی کی زندگی کو شدید خطرات ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دئیے آپکی عزت انہی عدالتوں سے ہے، جسٹس امجد رفیق نے ایک بار پھر حکم دیا پرویز الٰہی کو ایک گھنٹے میں پیش کریں، آپ پنگ پانگ کھیل رہے ہیں، کئی مرتبہ پرویز الٰہی کو ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جاچکا۔

جسٹس امجد رفیق نے واضح ہدایات جاری کیں حکومت کو چھوڑیں، آپ پرویز الٰہی کو پیش کریں، حکومت نیب کےساتھ تعاون نہیں کرتی تو نہ کرے، عدالت نے ایک گھنٹے میں پرویز الٰہی کو پیش کرنے کا حکم دیا اور باور کرایا اگر پرویز الٰہی کو پیش نہ کہا گیا تو ڈی جی نیب کے وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے۔

عدالتی حکم پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو عدالت میں پیش کیا گیا تو عدالت نے فوری انکی رہائی کا حکم دےدیا، عدالتی حکم کے بعد نیب حکام پرویز الٰہی کے پاس آئے اور کہا آپ ہماری طرف سے فری ہیں، آپ جاسکتے ہیں۔

پرویز الٰہی کے وکلا نے موقف اپنایا تحریری حکم ملنے کے بعد عدالت سے روانہ ہوں گے۔ پرویز الٰہی روسٹرم پر آگئے، وکیل لطیف کھوسہ نے کہا واضح عدالتی حکم کے باوجود عدالت کے باہر یونیفارم و بغیر یونیفارم کے بھاری نفری موجود ہے، لگ رہا ہے پرویز الٰہی کو دوبارہ گرفتار کرنے کا پلان ہوچکا، عدالتیں بنیادی حقوق کے تحفظ کی گارنٹی دیتی ہیں، پولیس عدالت کے باہر کھڑی ہے، عدالت کو چاہیے پولیس کو حکم دے پرویز الٰہی کو گھر تک سکیورٹی دی جائے۔
جسٹس امجد رفیق نے کہا پنجاب پولیس کے کسی افسر کو کہتے ہیں پرویز الٰہی کو گھر چھوڑ آئیں۔ جسٹس امجد رفیق نے ایس پی اقبال ٹاون کو روسٹرم پر طلب کیا اور حکم دیا آپ ایک 2 افسر اور لیں اور پرویز الٰہی کو گھر چھوڑ کر آئیں۔ ایس پی نے کہا عدالتی حکم پر عمل کریں گے۔ جسٹس امجد رفیق نے کہا مکمل ذمہ داری آپکی ہو گی، اگر کچھ ہوا تو ذمہ دار آپ ہوں گے۔

بعدازاں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے رہائی کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے پرویز الٰہی کو نیب اور کسی بھی اتھارٹی کی جانب سے گرفتار کرنے سے روکدیا، تحریری حکم میں کہا گیا کوئی اتھارٹی، ایجنسی اور آفس درخواست گزار کو گرفتار نہ کرے، پرویز الٰہی کو نظربندی قانون کے تحت بھی حراست میں نہ لیا جائے۔

، جسٹس امجد رفیق نے تحریری حکم میں کہا لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے پرویز الٰہی کو کسی انکوائری، مقدمے میں گرفتار کرنے سے روکا تھا، نیب نے پرویز الٰہی کو اسوقت گرفتار کیا جب سنگل بنچ کا فیصلہ معطل تھا، 2 رکنی بنچ نے انٹراکورٹ اپیل مسترد کی اور سنگل بنچ کا بحال کردیا، 2 رکنی بنچ کے فیصلے کے بعد نیب کی حراست غیرقانونی تھی، حکم میں مزید کہا گیا عدالتی ہدایت پر درخواست گزار کو عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت درخواست گزار کو رہا کرنے کا حکم دیتی ہے۔ ہائیکورٹ نے نیب کو تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کردی۔

عدالتی فیصلے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویزالٰہی نے کہا (ن) لیگ جب بھی آئی مہنگائی کا طوفان لائی، ملک کا بیڑہ غرق کرکے (ن) لیگ کی قیادت لندن بھاگ گئی، مجھے تو اندر رکھا ہوا تھا، پتہ نہیں ملک کا کیا کررہے ہیں، سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا اب تو آئی ایم ایف نے بھی کہہ دیا الیکشن کرائیں جس کےلئے میں پرعزم ہوں، پریس کانفرنس نہیں کرونگا، ایسے ہی 4 ماہ اندر نکالے ہیں کیا؟ تحریک انصاف کےساتھ کھڑا ہوں۔

ادھر پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا والد کواغوا کرکے ہائیکورٹ کے احکامات کا مذاق اُڑایا گیا، اگر ہائیکورٹ کے احکامات کا اسی طرح مذاق اُڑایا جانا ہے تو پھر باقاعدہ طور پر واضح کردیا جائے۔

دریں اثنا پی ٹی آئی نے عدالت کے واضح احکامات کے باوجود پرویز الٰہی کی دوبارہ گرفتاری کی شدید مذمت اور عدالت عظمیٰ سے نوٹس لینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا لاہور ہائیکورٹ کے واضح احکامات پیروں تلے روندتے ہوئے تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی کی گرفتاری آئین، قانون و انصاف کے چہرے پر طمانچہ ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا پرویز الٰہی کو بدترین ریاستی وحشت و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کسی قانونی جواز کے بغیر پرویز الٰہی کو قید کرنے اور بنیادی انسانی و آئینی حقوق سے محروم کرنے کا واحد مقصد عمران خان کی حمایت سے باز رکھنا ہے، ریاستی صفوں میں موجود طاقتور عناصر آئین و قانون کو ردی کی ٹوکری کی نذر کرتے ہوئے پورے عدالتی نظام کی کھلی توہین میں مصروف ہیں، جنگل کے قانون کو دستور کا درجہ دیکر سفاکیت و ظلم کی تاریخ رقم کرنیوالوں کے کڑے محاسبے کا وقت آن پہنچا ۔

ترجمان نے مزید کہا عدالت عظمیٰ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے عدالتی احکامات کی سنگین پامالی اور ملک میں لاقانونیت کے فروغ کی ریاستی کوششوں کا فوری نوٹس لے۔ پرویز الٰہی کو ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف گرفتار کرنے والے ظاہری و پوشیدہ عناصر کے محاسبے کا اہتمام کیا جائے اور تحریک انصاف کے صدر کی فوری رہائی کے احکامات صادر کئے جائیں۔