دہشتگردوں کے بزدلانہ ہتھکنڈے فوج ،قوم کو کبھی نہیں جھکا سکتے، آرمی چیف

راولپنڈی،اسلام آباد (بیورورپورٹ)سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے دہشتگردوں کے بزدلانہ ہتھکنڈے فوج ،قوم کو کبھی نہیں جھکا سکتے، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا،خودکش دھماکے ، سکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

جنرل سید عاصم منیر نے افسروں،جوانوں سے ملاقات کرکے عزم کو سراہا،زیر علاج زخمیوں کی عیادت کےلئے سی ایم ایچ کا دورہ بھی کیا،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے زخمیوں سے صحت کا دریافت کیا،شہدا کے ورثا ءکو یقین دہانی کرائی قوم دکھ کی گھڑی میں ساتھ کھڑی ہے۔

آرمی چیف نے کہاپاکستان میں امن و استحکام شہدا کی قربانیوں کی مرہون منت ہے، بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خاتمے کےلئے عزم کمزور نہیں کر سکتے،آرمی چیف نے کہامسلح افواج مادر وطن سے دہشتگردی کے ناسور کو ہر قیمت پر ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے فوجیوں کے بلند حوصلے اور غیر متزلزل عزم کو سراہا اور کہا دہشتگردوں کے بزدلانہ ہتھکنڈے فوج، قانون نافذ کرنےوالے ادارے اور قوم کو کبھی نہیں جھکا سکتے، دہشتگردی کےخلاف طویل جنگ لڑی اور آخری دم تک لڑتے رہیں گے۔

آرمی چیف نے کہادہشتگردوں کی خام خیالی ہے آہنی عزم اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرسکتے ہیں، قوم شہدا کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے ،قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

قبل ازیں اقوام متحدہ امن مشن کے وزارتی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کےلئے اجلاس ہوا،چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اختتامی سیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی،پاکستان ،جاپان کی مشترکہ میزبانی میں ہونےوالے اجلاس میں مختلف ممالک کے مندوبین، اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سمیت سفارتی برادری کے اراکین نے شرکت کی۔

سربراہ پاک فوج نے امن دستوں کو درپیش بڑھتے چیلنجز و خطرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہاعالمی امن کی بحالی میں اقوام متحدہ کا کردار لائق تحسین ہے، اقوام متحدہ جوانوں کے تحفظ و سکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے پیچیدہ خطرات سے نمٹنے کیلئے امن مشن کو مزید موثر بنائے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا پاکستان ایسا خطہ چاہتا ہے جہاں امن قائم ہو، تجارت، ٹرانزٹ ، سرمایہ کاری جنوبی، مغربی و وسطی ایشیا کی تمام ریاستوں کےلئے خوشحالی کا باعث بنے، سلامتی کونسل و سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔

انڈر سیکرٹری جنرل ڈیپارٹمنٹ آف پیس آپریشنز نے کہا کانفرنس کی میزبانی و عالمی امن کےلئے قابل قدر کردار ادا کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا امن کوششوں کےلئے پاکستان کی 6 دہائیوں پر محیط دیرینہ وابستگی عالمی امن و سلامتی کےلئے پاکستان کے کردار کا واضح مظہر ہے۔