کاشتکاروں کو مقررہ قیمت پر کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی:کمشنر ساہیوال

ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ہائی سٹریٹ پر جاری کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کام کے معیار کو بھی برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف مہم کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ کلیئر کروائے گئے علاقوں کا فالو اپ رکھا جائے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، اے سی جنرل علیزہ ریحان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پسپ کے سٹی منیجر اسجد خان نے بتایا کہ مڈھالی روڈ اور پاکپتن روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد نے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ شہر سے جانوروں کو نکالنے کا عمل جاری ہے گڑوی والے پل سے جانوروں کے باڑے ختم کروا دیے گئے ہیں۔ اسی طرح فرید ٹان میں پارکوں کی صفائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوٹ خادم علی شاہ کی گلی نمبر9میں جاری سیوریج کے کام کے مکمل ہونے سے ڈاکخانہ والی گلی اور دیگر اردگرد کی گلیوں کے باسیوں کے70%سیوریج کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے میونسپل کارپوریشن کو چہلم حضرت امام حسین پر صفائی اور پانی کے چھڑکا کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوار ڈینیشن شفیق احمد ڈوگر کے سسر کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی۔بعدازاں کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید سے کسان اتحاد کے وفد نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے وفد کو یقین دلایا کہ کاشتکاروں کو مقررہ قیمت پر کھاد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کسان اتحاد کی جانب سے اوکاڑہ میں سیلاب متاثرین کے لئے لگائے گئے امدادی کیمپ کو بھی سراہا۔