17غیر منتخب ججز قانون سازی کو کیسے بدنیتی قرار دے سکتے ہیں،جسٹس منصور

اسلام آباد (بیورورپورٹ)نیب ترامیم کیخلاف کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے 49 کروڑ کرپشن والے کا نیب سے بچ کر آزاد ہوجانا سنجیدہ معاملہ ہے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی،جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا ایمنسٹی سکیم کو نیب آرڈیننس سے استثنیٰ کیوں دیا گیا ؟ بے نامی دار سے متعلق نیب ترامیم پر دلائل دیں، بے نامی دار ریفرنسز میں بنیادی کیس آمدن سے زائد اثاثہ جات کا تھا، نیب ترامیم میں بے نامی دار کی تعریف تبدیل کر دی گئی اب نیب ترامیم سے لازم قرار دیا گیا پہلے پراسیکیوشن ثابت کرے کرپشن کے پیسے سے بے نامی جائیداد بنی یا نہیں، نیب ترامیم سے استغاثہ پر غیر ضروری بوجھ ڈالا گیا ، بے نامی کےخلاف کارروائی تو احتسابی عمل کا مرکز ہے، کم از کم یہ تو طے ہونا ضروری ہے اثاثے کرپشن سے تو نہیں بنائے گئے۔

مخدوم علی خان نے جسٹس منصور علی شاہ کے خورشید شاہ کیس کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہر بے نامی دار ٹرانزیکشن کرپٹ ٹرانزیکشن نہیں ، استغاثہ اگر کرپشن کے الزامات لگا رہی ہے تو شواہد ہونے چاہئیں، کرپشن ثابت کرنے کےلئے صرف بے نامی دار کا الزام لگا دینا کافی نہیں ، پراسیکیوشن کو ثابت بھی کرنا ہو گابے نامی دار ہے یا نہیں، نیب نے لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور لاکرز توڑے۔

چیف جسٹس نے کہا دیکھنا ہوتا ہے ذرائع آمدن اثاثوں سے مطابقت رکھتے ہیں یا نہیں اگر ذرائع آمدن بھی ملزم نے نہیں بتانے تو جرم ثابت ہی نہیں ہو سکتا۔

خواجہ حارث نے کہا جو جرائم نیب قانون میں درج ہیں وہ کسی اور قانون کا حصہ نہیں ، نیب ترامیم سے سینکڑوں افراد کو کلین چٹ دی گئی، نیب ترامیم کے بعد 50 کروڑ سے کم پلی بارگین کرنے والا درخواست دیکر صاف شفاف ہو جائے گا، ترامیم میں کہیں نہیں لکھا نیب سے واپس ہونے والا مقدمہ کہاں چلے گا، 50 کروڑ سے کم والا پیسے واپس لیکر نیب اختیار سے ہی نکل گیا،چیف جسٹس نے کہا سنجیدہ معاملہ ہے 49 کروڑ کرپشن والا نیب سے بچ کر آزاد ہو جائے گا،اگر 1999 سے اب تک پبلک سیکٹر میں دیکھیں تو گرواٹ نظر آئے گی، پی آئی اے کو دیکھ لیں، بجلی کی ترسیلاتی کمپنیوں کو دیکھ لیں، لائن لاسز پورے ملک میں 40 فیصد تک ہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا پلی بارگین کے عمل کو پارلیمنٹ نے اس لئے روکا کچھ پلی بارگین کے کیسز میں دباو¿ کا پہلو موجود تھا،17غیر منتخب ججز 25کروڑ عوام کے منتخب پارلیمان کی قانون سازی کو کیسے بدنیتی پر مشتمل قرار دے سکتے ہیں،نیب ترامیم کیخلاف کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی گئی۔