لاہور(نمائندہ خصوصی،کورٹ رپورٹر)نیب نے پرویزالٰہی کو ہائیکورٹ میں پیش کرنے کیلئے پنجاب حکومت سے سکیورٹی اور بلٹ پروف گاڑی مانگ لی،سکیورٹی و بلٹ پروف گاڑی کی فراہمی کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری و آئی جی پنجاب کو مراسلہ لکھ دیا گیا۔
مراسلے میں کہا گیا پرویز الٰہی ہائی پروفائل ملزم ہیں ،لاہور ہائیکورٹ نے عدالت پیش کرنے کا حکم دیا، سی ٹی ڈی کے مطابق پرویز الٰہی کی جان کو شدید سکیورٹی خدشات ہیں،عدالت میں پیش کرنے کےلئے بلٹ پروف گاڑی اور مناسب سکیورٹی فراہم کی جائے، پرویزالٰہی کی نیب آفس سے ہائیکورٹ آمد تک کی مکمل سکیورٹی کی ذمہ داری ہوم ڈیپارٹمنٹ کی ہوگی۔
قبل ازیںپرویز الٰہی کی نیب گرفتاری کےخلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس امجد رفیق نے کہا کب پرویز الٰہی کو پیش کر رہے ہیں، نیب پراسیکیوٹر نے کہا پوچھ کر آگاہ کرتے ہیں،جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دئیے پرویز الٰہی کو پیش نہ کرنے پر مجھے بتائیں کس کے ورانٹ گرفتاری جاری کروں؟ کیا ڈائریکٹر نیب و ڈی جی نیب لاہور کے ورانٹ گرفتاری جاری کروں،عدالت نے ریمارکس میں کہا فیصلہ کرنا ہے اب پرویز الٰہی کی گرفتاری قانونی ہے یا غیر قانونی۔
وقفے کے بعد دوبارہ سماعت میں وکیل پنجاب حکومت نے بتایا سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق پرویز الٰہی کی جان کو شدید خطرات ہیں ،عدالت پیش کرنے سے پہلے بہت سے معاملات کو دیکھنا پڑے گا،عدالت نے استفسار کیاکس کی رپورٹ ہے؟ آپ سی ٹی ڈی افسر کو عدالت بلائیں ،پرویز الٰہی کو کتنے برس جیل میں رکھیں گے خطرات سے نمٹنے کےلئے؟۔
جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دئیے آپ پرویز الٰہی کو احتساب عدالت میں پیش کرسکتے ہیں مگر یہاں جان کو خطرہ کیسے ہوگیا، کھل کر بات کریں چاہتے کیا ہیں ،پراسیکیوٹر جنرل نے بتایا سپریم کورٹ کے فیصلوں میں موجود ہے 2رکنی بنچ نیب کیسز کی سماعت کر سکتا ہے، سنگل بنچ نیب سماعت نہیں کرسکتا،جسٹس امجد رفیق نے نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل وقار نقوی کو ہدایت کی پانی میں مدھانی ناں ماریں، آپ کیسے کہہ سکتے ہیں معاملہ نیب کے ڈویژنل بنچ کے پاس جائے گا۔
دوسری جانب پرویزالٰہی کا نیب حوالات میں میڈیکل بورڈ نے طبی معائنہ کیا، جناح ہسپتال کے ڈاکٹروں نے سابق وزیراعلیٰ کوطبی طور پر فٹ قرار دےدیا،میڈیکل بورڈ نے تفصیلی طبی معائنے کے بعد سی بی سی، شوگر ٹیسٹ، ایل ایف ٹی، لیپڈ پروفائل، ٹی ایس ایچ و مختلف ٹیسٹ تجویز کر دیئے۔
نیب نے پرویزالٰہی کو عدالت پیش کرنے کیلئے سکیورٹی مانگ لی

















